بلوچستان حکومت نے لوک گلوکار واسو خان کی مدد کردی

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے واسو خان اور شہزاد رائے سے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی تصاویر شیئر کیں

اتوار 9 اگست 2020 14:45

کراچی/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) لگ بھگ ایک دہائی قبل معروف گلوکار و سماجی رہنما شہزاد رائے کے ساتھ اپنے اٴْلو کتنے ٹیڑھے،اب تک ہوئے نہ سیدھے گانے سے شہرت حاصل کرنے والے بلوچ لوک گلوکار واسو خان کی کسم پرسی اور علالت کی خبریں سامنے آنے کے بعد بلوچستان حکومت نے ان کی مدد کردی،چند دن قبل واسو خان کی علالت، غربت اور کسم پرسی کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

اطلاعات تھیں کہ طویل العمری، غربت اور کوئی باقاعدہ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے واسو خان بیماری کا شکار بن کر گھر تک محدود ہوگئے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔واسو خان کی بیماری کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کئی افراد نے شہزاد رائے سے بھی فوک فنکار کی مدد کی اپیل کی۔

(جاری ہے)

ایسی خبریں سامنے آنے کے بعد بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے واسو خان سے ملاقات کرکے صوبائی حکومت کی جانب سے گلوکار کا علاج کروانے اور ان کی مالی مدد کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب صوبائی حکومت نے واسو خان کی مدد کردی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے واسو خان اور شہزاد رائے سے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی تصاویر شیئر کیں اور ساتھ ہی بتایا کہ صوبائی حکومت اور شہزاد رائے کے درمیان صوبے میں تعلیم اور صحت سے متعلق کام کرنے پر گفتگو ہوئی۔وزیر اعلیٰ کی جانب سے شیئر کی گئی 2 تصاویر میں سے ایک تصویر میں صوبائی وزیر ثقافت عبدالخالق ہزارہ واسو خان کو امدادی چیک دیتے دکھائی دئیے جبکہ دوسری تصویر میں گلوکار وزیر اعلیٰ اور شہزاد رائے کے ساتھ گفتگو کرتے دکھائی دئیے۔

شہزاد رائے نے بھی جام کمال خان کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر کو ری ٹوئٹ کیا، علاوہ ازیں صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے بھی تصدیق کی کہ صوبائی حکومت کی جانب سے واسو خان کی مدد کردی گئی۔لیاقت شاہوانی نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واسو خان کو گھر بھی دلوانے کی یقین دہانی کروائی۔شہزاد رائے نے بھی اپنی ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واسو خان کی مدد کردی اور ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعلیٰ کو اپیل کی کہ وہ لوک گلوکار کو گھر بھی دلوائیں۔

شہزاد رائے نے واسو خان کی ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ اپنی روداد سنائی دکھائی دئیے۔واسو خان نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ جب سے انہوں نے شہزاد رائے کے ساتھ کام کیا ہے، تب سے وہ ان کا ساتھ دیتے آ رہے ہیں۔واسو خان کے مطابق شہزاد رائے نے انہیں جعفرآباد میں گھر بھی خرید کر دیا تھا مگر کچھ مسائل کی وجہ سے انہوں نے وہ گھر بھی فروخت کردیا تھا۔واسو خان نے بتایا کہ شہزاد رائے نے ان کے ایک بیٹے کو ملازمت بھی دلوائی اور وہ مسلسل ان کا ساتھ دیتے آ رہے ہیں تاہم اب وہ انہیں مزید تکلیف نہیں دینا چاہتے اور وہ چاہتے ہیں کہ صوبائی حکومت ان کی مدد کرے۔
وقت اشاعت : 09/08/2020 - 14:45:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :