سشانت سنگھ کی خودکشی کا معاملہ بھارتی سپریم کورٹ میں نیا رخ اختیار کر گیا

تحقیقات کے معاملے پر مرکزی حکومت سمیت ریاستی حکومتیں ایک دوسرے کے خلاف ہوگئیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 14 اگست 2020 21:55

سشانت سنگھ کی خودکشی کا معاملہ بھارتی سپریم کورٹ میں نیا رخ اختیار کر گیا
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14اگست2020ء) : سشانت سنگھ کی خودکشی کا معاملہ بھارتی سپریم کورٹ میں نیا رخ اختیار کر گیا، تحقیقات کے معاملے پر مرکزی حکومت سمیت ریاستی حکومتیں ایک دوسرے کے خلاف ہوگئیں، تفصیلات کے مطابق بھارت کی سپریم کورٹ، اداکارہ ریا چکربورتی کی جانب سے 31 جولائی کو دائر کی گئی درخواست پر سماعتیں کر رہی ہے۔ ریا چکربورتی نے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کروائی تھی کہ ان کے خلاف سشانت سنگھ کے والد نے ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں مقدمہ دائر کروایا ہے، جسے ممبئی منتقل کیا جائے۔

سشانت سنگھ کے والد نے ریاچکربورتی کے خلاف 30 جولائی کو پٹنہ میں بلیک میلنگ اور منی لانڈرنگ سمیت دیگر الزامات کے تحت مقدمہ دائر کروایا تھا۔ دوسری جانب سشانت سنگھ کے والد نے ریاست بہار کی حکومت کو درخواست کی تھی ان کی جانب سے داخل کرائے گئے مقدمے کی بنیاد پر بیٹے کی خودکشی کا کیس تفتیش کے لیے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو دیا جائے۔

(جاری ہے)

سشانت سنگھ کے والد کی درخواست پر بہار کی حکومت نے کیس کو سی بی آئی کے حوالے کرنے لیے 4 اگست کو مرکزی حکومت کو خط بھی لکھا تھا۔ عدالت نے 13 اگست کو بھی کوئی بھی فیصلہ دیے بغیر سماعت کو آئندہ ہفتے تک ملتوی کردیا۔ اب عدالت دونوں درخواستوں پر آئندہ ہفتے 21 اگست کو سماعت کرے گی۔ یاد رہے کہ سشانت سنگھ نے 14 جون کو ڈپریشن کے باعث خودکشی کرلی تھی، جس کے بعد ممبئی پولیس نے حادثاتی موت کے طور پر ان کے معاملے کی تفتیش شروع کی تھی۔

سشانگ سنگھ کا تعلق ریاست بہار سے تھا، تاہم انہوں نے خودکشی ممبئی میں کی تھی اور ان کے والد نے اپنے آبائی شہر پٹنہ میں اداکارہ ریا چکربورتی کے خلاف مقدمہ دائر کروایا تھا۔ ریا چکربورتی اور سشانت سنگھ کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے اور وہ آخری وقت تک ایک ساتھ تھے۔
وقت اشاعت : 14/08/2020 - 21:55:41

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :