زاہد احمد نے ارطغرل غازی پر فنکاروں کی بحث کو شرمناک قرار دیدیا

ہفتہ 15 اگست 2020 16:18

زاہد احمد نے ارطغرل غازی پر فنکاروں کی بحث کو شرمناک قرار دیدیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2020ء) پاکستان کے نامور اداکار زاہد احمد نے پاکستان ٹیلی وڑن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے دیریلیش ارطغرل جسے اردو میں ترجمہ کرکے ارطغرل غازی کے نام سے پیش کیا جارہا ہے سے متعلق کچھ فنکاروں کی بحث اور مخالفت کو شرمناک قرار دیدیا۔خیال رہے کہ ارطغرل غازی کو اردو میں ترجمہ کرکے یکم رمضان المبارک سے پی ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے اور اس ڈرامے نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستانی ڈراموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ڈرامے کے حوالے سے کئی اداروں کی جانب سے تنقید اور کئی کی جانب سے سراہا گیا ۔ ادا کار زاہد احمد نے غیر ملکی ڈراموں کو پاکستان میں نشر کرنے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ان کی حمایت بھی کی۔

(جاری ہے)

زاہد احمد نے کہا کہ میں اس بات سے 110 فیصد اتفاق کرتا ہوں کہ مذہبی مواد ڈراموں اور فلموں میں آنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان میں ارطغرل غازی کی کامیابی کو کھلے دل سے قبول کرتا ہوں۔

زاہد احمد کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک کچھ فنکاروں کی جانب سے پاکستان میں غیر ملکی مواد نشر کرنے سے متعلق نوکریوں کا مسئلہ پیدا ہونے کے تحفظات اور اس ڈرامے کے خلاف بحث انتہائی شرمناک اور بیکار ہے۔اداکار کا کہنا تھا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ اگر آپ اپنے کام میں اچھے ہیں تو آپ کی نوکری کہیں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری بات یہ ہے کہ ہمیں پھر شرم آنی چاہیے کہ ایک مسلمان ملک ہوتے ہوئے ہم ایسا مواد نہیں بنارہے۔زاہد احمد نے کہا کہ اس میں اگر کام کی بات کی جائے تو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کو اس حوالے سے احتساب کرنا چاہیے کہ ایسا مواد یہاں کیوں نہیں بن رہا۔
وقت اشاعت : 15/08/2020 - 16:18:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :