نامور فلم اسٹار مصطفی قریشی اور لوک گلوکارہ روبینہ قریشی کی شادی گولڈن جوبلی ، تقریب کا انعقاد کیاگیا

آج میں جس مقام پر ہوں اس میں میری بیوی روبینہ کا بڑا ہاتھ ہے انکے تعاون اور مشوروں کی بدولت ہی مجھے کامیابیاں ملی ہیں، مصطفی قریشی مصطفی قریشی کو اور روبینہ بھابھی فلم انڈسٹری کی قابل فخر جوڑی رہی ہے فلم والوں کے ساتھ ان کا رویہ بالکل ایک گھر انے کے لوگوں کی طرح ہوتا ہے،سنگیتابیگم

پیر 21 ستمبر 2020 13:26

نامور فلم اسٹار مصطفی قریشی اور لوک گلوکارہ روبینہ قریشی کی شادی گولڈن جوبلی ، تقریب کا انعقاد کیاگیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2020ء) ) پاکستان فلم انڈسٹری میں 625 فلموں میں کام کرنے والے نامور فلم اسٹار مصطفی قریشی اور لوک گلوکارہ روبینہ قریشی نے شادی کی گولڈن جوبلی کراچی میں منائی۔ اس موقع پر مصطفی قریشی آبدیدہ ہوگئے۔اٴْن کا کہنا تھا کہ سب دوستوں کا شکریہ جنہوں نے محبت بھرے پیغامات بھیجے۔ لیکن دکھ اس بات کا ہے کہ کسی حکمران نے مبارکباد کا پیغام نہیں دیا۔

نصف صدی کا قصہ ہے دو چار برس کی بات نہیں۔ یہ عرصہ ہنستے کھیلتے اور لڑتے جھگڑتے کس طرح گزر گیا کچھ پتہ ہی نہیں چلا، لگتا ہے ابھی کل کی بات جب ہماری شادی ہوئی تھی یہ بات پاکستان کے سینئر فلم اسٹار مصطفی قریشی اور انکی گلوکارہ اہلیہ روبینہ قریشی نے اپنی شادی کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس تقریب میں ٍمیڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد موجود تھی جبکہ فلم اسٹار اور ہدایت کارہ سنگیتا بھی خصوصی طور پر شریک ہوئیں، جبکہ مصطفی قریشی کے اداکار صاحبزادے عامر قریشی سمیت خاندان کے دیگر لوگ بھی موجودتھے۔ فلم اسٹار مصطفی قریشی نے کہا کہ آج میں جس مقام پر ہوں اس میں میری بیوی روبینہ کا بڑا ہاتھ ہے انکے تعاون اور مشوروں کی بدولت ہی مجھے کامیابیاں ملی ہیں۔

سالگرہ کا کیک کاٹتے ہوئے مصطفی قریشی آبدیدہ ہوگئے اور انکی آنکھیں اشکبار ہوگئیں انہوں نے کہا کہ یہ میرے لئے بہت ہی قیمتی لمحات ہیں اپنی زندگی کے گذارے دنوں کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری میں گزارے ہوئے سنہرے دن بھی یادوں کا حصہ ہے۔ یہ یادیں کسی قیمتی سرمائے سے کم نہیں۔ سنگیتا بیگم نے کہا کہ مصطفی قریشی کو اور روبینہ بھابھی فلم انڈسٹری کی قابل فخر جوڑی رہی ہے فلم والوں کے ساتھ ان کا رویہ بالکل ایک گھر انے کے لوگوں کی طرح ہوتا ہے۔

فلم ٹی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی اور عبدالوسیع قریشی نے کہا کہ مصطفی قریشی اور روبینہ بھابھی نے میڈیا کے لوگوں پر جس طرح محبتیں نچھاور کی ہیں اس کی اسکی مثال بہت کم ملتی ہے۔ ہم ازدواجی زندگی کی گولڈن جوبلی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے پیں۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور صدر نے مصطفی قریشی اور روبینہ قریشی کو اسٹار مارکیٹنگ کے واثق نعیم، ندیم معاذ جی، خالد شمسی، ہما بخاری اور الحاج حنیف خان کی جانب سے کیک اور دیگر تحائف پیش کئے۔

مصطفی قریشی اور روبینہ قریشی کی شادی کی گولڈن جوبلی کے موقع پر امریکہ سے فلم اسٹار ریما، لاہور سے سلطان راہی کے صاحبزادے حیدر سلطان ،اداکار جاوید شیخ، غلام محی الدین، ہدایت کار سید نور، فلم اسٹار ندیم بیگ و دیگر فنکاروں نے اپنے ویڈیو پیغامات کے ذریعے مبارک پیش کرتے ہوئے انکی خدمات کو سراہا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں پلاٹینم اور ڈائمنڈ جوبلی منانے کی توفیق بھی عطا فرمائے۔
وقت اشاعت : 21/09/2020 - 13:26:11

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :