بالی وڈ سپر سٹار کے بیٹے پرجنسی زیادتی کا کیس درج

سپر اسٹار کی بیوی نے مجھے اسقاط حمل کے لیے دبائو ڈالا،اداکارہ کا الزام

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 18 اکتوبر 2020 06:07

بالی وڈ سپر سٹار کے بیٹے پرجنسی زیادتی کا کیس درج
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2020ء) بالی وڈ انڈسٹری میں معاشقے نہ ہوں تو اس کی رونق کی ماند پڑ جائے مگر اب بالی وڈ انڈسٹری میں ریپ کیسز کی تعداد اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ لوگ کھل کر ساتھی اداکاروں پر الزام عائد کر رہے ہیں۔کافی عرصے سے بالی وڈ سپر اسٹار متھن چکرورتی کے بیٹے کے خلاف بھی ایک ساتھی اداکارہ نے ریپ کا الزام لگایا تھا مگر ایف آئی آر درج ہونے میں دو سال سے زائد کا عرصہ لگ گیا۔

بھارت میں عدالت کے حکم پر دو سال بعد معروف اداکار متھن چکروتی کے بیٹے مہاکشے کیخلاف ساتھی اداکارہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق 38 سالہ خاتون نے اوشیوارا تھانے میں اداکار متھن چکروتی کی اہلیہ یوگیتا بالی اور بیٹے مہاکشے کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی جس میں شادی کا جھانسہ دے کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے، دھوکہ دہی اور اسقاط حمل کے لیے دباﺅڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر میں متھن چکروتی کی اہلیہ یوگیتا بالی کو بھی نامزد کیا گیا ہے، متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ یوگیتا بالی کو ہمارے تعلقات کا بھی پتہ تھا اور انہوں نے بھی اسقاط حمل کے لیے مجھ پر دباوڈالا تھا اور دھمکیاں دی تھیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق مہاکشے اور متاثرہ خاتون کے درمیان 2015 سے تعلقات تھے اور مہاکشے چکروتی نے نشے آور چیز پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں شادی سے انکار کردیا۔

متاثرہ خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم کہا جاتا ہے کہ وہ بھوج پوری اداکارہ ہیں۔مہاکشے چکروتی پر جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کرانے کے لیے کئی بار کوششیں کیں لیکن ہر بار متھن چکروتی کے تعلقات کام آئے جس کے بعد مذکورہ خاتون نے دہلی کی مقامی عدالت سے رجوع کیا۔ عدالت کے حکم کے باوجود تھانے میں ایف آئی آر درج کرنے میں دو ماہ کا عرصہ لگ گیا۔

واضح رہے کہ مہاکشے چکروتی کی شادی 8 جولائی 2018 کو مدالسا شرما کے ساتھ ہو رہی تھی کہ متاثرہ خاتون کی درخواست پر عدالت نے پولیس کو کارروائی کا حکم دیا، پولیس چھاپے کی وجہ سے شادی کو منسوخ کردیا گیا تھا جو دو دن بعد ہوئی تاہم متاثرہ خاتون کو دھمکیوں کی وجہ سے نئی دہلی منتقل ہونا پڑا تھا۔ مگر اب اس خاتون کی ایف آئی آر ملزم کے خلاف درج ہو گئی ہے اور وہ پرامید ہیں کہ انہیں انصاف ضرور ملے گا۔

وقت اشاعت : 18/10/2020 - 06:07:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :