مہرین جبار کا مزاح سے بھرپور ڈرامہ ’’ایک جھوٹی لوو اسٹوری ‘‘30 اکتوبر سے پیش کیا جائیگا

بلال عباس اور مدیحہ امام مرکزی کردار نبھا رہے ہیں، ہلکا پھلکا پر مزاح فیملی ڈرامہ ہے‘ ہدایتکارہ کی گفتگو

بدھ 21 اکتوبر 2020 10:30

مہرین جبار کا مزاح سے بھرپور ڈرامہ ’’ایک جھوٹی لوو اسٹوری ‘‘30 اکتوبر سے پیش کیا جائیگا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء)نامور ہدایتکارہ مہرین جبار کا ایک نیا مزاح سے بھرپور پراجیکٹ ’’ایک جھوٹی لوو اسٹوری ‘‘30 اکتوبر سے پیش کیا جائے گا۔ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ میں ابتدا ء میں یہ پراجیکٹ کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھی تاہم اب میں بہت مشکور ہوں کہ میں نے یہ کیا،اس پراجیکٹ نے مجھے اپنی پسندیدہ سیریز ’’دام ‘‘کی یاد دلادی جو میں نے 10 سال پہلے عمیرہ احمد کے ساتھ کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اس پراجیکٹ کو کرنے کا مقصد یہ تھا کہ اس میں کسی بھی طرح کی کری ایٹو مداخلت نہیں تھی، پروڈیوسرز کی جانب سے جو بھی فیصلے کئے گئے وہ پراجیکٹ کی بہتری کیلئے تھے۔مہرین جبار نے کہا کہ وہ اپنی پسندیدہ ترین مصنف عمیرہ احمد کے ساتھ ایک دہائی بعد کام کرنے کی منتظر تھیں۔انہوں نے بتایا کہ ’’ایک جھوٹی لوو اسٹوری ‘‘میں مرکزی کردار بلال عباس اور مدیحہ امام ادا کررہی ہیں، یہ دونوں اپنے آئیڈیل پارٹنر کی تلاش میں ہوتے ہیں۔ یہ ایک ہلکاپھلکا پر مزاح فیملی ڈرامہ ہے جس میں انوکھے کردار اور مختلف اقسام کے تعلقات کی دلچسپ کہانی ہے۔اس شو میں ایک ایسی جنریشن کو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے جو اپنے آئیڈل پارٹنر اور بہترین زندگی کے بغیر نہیں رہنا چاہتے۔
وقت اشاعت : 21/10/2020 - 10:30:03