آسٹرین نژاد امریکی ایکشن اداکارآرنلڈ شوارتزنگر نے دو سال بعد دوسری ہارٹ سرجری کر الی

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 11:15

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) آسٹرین نژاد امریکی ایکشن اداکار، سابق ریاستی گورنر اور فلم پروڈیوسر 73 سالہ آرنلڈ شوارتزنگر نے ایک بار پھر دل کی سرجری کرالی۔غیر ملکی خبر رساں ادار ے کے مطابق آسٹرین نژاد امریکی ایکشن اداکارآرنلڈ شوارتزنگر نے سوشل میڈیا پر ہارٹ سرجری کے بعد ہسپتال سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے بعد اب وہ خود کو بہتر محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کا ایروٹک وال تبدیل کیا گیا۔اداکارآرنلڈ شوارتزنگر نے کہا کہ 2سال قبل 2018میں ان کی اوپن ہارٹ سرجری کے دوران پلمونری وال تبدیل کیا گیا تھا اور اب ان کا ایروٹک وال تبدیل کیا گیا ہے، جس وجہ سے وہ خود کو بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آرنلڈ شوارتزنگر پیدائشی طور پر دل کے عارضے میں مبتلا تھے، وہ دل کی پیچیدگیوں کے ساتھ ہی پیدا ہوئے تھے۔

وہ یورپی ملک آسٹریا میں پیدا ہوئے اور بچپن و جوانی وہیں گزاری، انہوں نے وہاں کی فوج میں خدمات دیں، آرنلڈ شوارتزنگر نے ابتدائی طور پر باڈی بلڈنگ کے کیریئر میں جوہر دکھائے اور انہوں نے اپنے کئی حریفوں کو چت بھی کیا۔آرنلڈ شوارتزنگر نے باڈی بلڈنگ اور ویٹ لفٹنگ میں درجنوں انعامات اور ایوارڈ بھی جیتے اور باڈی بلڈنگ کے کیریئر کے عروج کے دوران ہی انہوں نے اداکاری میں قدم رکھا اور 1970 میں چھوٹے کرداروں سے اداکاری کا آغاز کیا۔

آرنلڈ شوارتزنگر 1980 تک مقبول ایکشن اداکار بن گئے اور انہوں نے درجنوں ایکشن، تھرلر، کرائم اور بائیوگرافی فلموں میں کام کیا۔آرنلڈ شوارتزنگر 2003 میں امریکی ریاست کیلی فورنیا کے گورنر بھی منتخب ہوئے اور وہ 2011 تک اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے، بعد ازاں وہ ایک بار پھر اداکاری کی جانب لوٹے۔آرنلڈ شوارتزنگر نے اسپورٹس، شوبز، سیاست، سماجی و فلاحی کاموں اور کاوروبار میں خوب نام کمایا۔
وقت اشاعت : 24/10/2020 - 11:15:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :