سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ ناظرین کیلئے ایک اور دلکش ڈرامہ ' فطرت' پیش کرے گا

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 19:51

سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ ناظرین کیلئے ایک اور دلکش ڈرامہ ' فطرت' پیش کرے گا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2020ء) پاکستانی انٹرٹینمنٹ کی صنعت کے پیش رو7th Sky انٹرٹینمنٹ، عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی سربراہی میں ناظرین کیلئے ' فطرت' کے نام سے ایک اور دلچسپ پروجیکٹ لارہے ہیں ۔یہ نیا ڈرامہ جیو انٹر ٹینمنٹ پر2 نومبر سے پیش کیا جائے گا۔ ' فطرت' کی کہانی ایک نوجوان لڑکی فریحہ کے گرد گھومتی ہے جو متوسط طبقے کی فیملی سے تعلق رکھتی ہے اور اپنے خواب اورمقاصد کو شارٹ کٹ کے ذریعہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔

فریحہ کے برخلاف اس کا بھائی حارث اور بہن رفیعہ سخت محنت اور ایمانداری پر یقین رکھتے ہیں۔ تاہم فریحہ اپنے خوابوں کی تعبیر پانے کیلئے ارباز سے شادی کرلیتی ہے جس کا تعلق ایک دولتمند گھرانے سے ہے۔ آخر میں سب چیزیں بدل جاتی ہیں جب یہ پتہ چلتا ہے کہ ارباز کا بڑا بھائی شہباز فریحہ کاپہلا پیارہے۔

(جاری ہے)

' فطرت' میں دکھایا گیا ہے کہ برے ارادے یا شارٹ کٹ کا انجام خوفناک ہوسکتا ہے۔

میرا رب وارث کے مشہور ڈائریکٹر اسد جبل نے اس ڈرامے کی ہدایات دی ہیں۔ ' فطرت' کی کاسٹ میں آپ کے پسندیدہ ستاروں کا ایک جھرمٹ ہے جس میں صبورعلی، علی عباس، مرزا زین بیگ، زباب رانا، صبیحہ ہاشمی ، سیمیں پاشا، سیف حسن ، فضیلہ قاضی، فرحان علی آغا، عدیلہ خان، عائشہ گل، کامران جیلانی اور مریم نفیس شامل ہیں۔7th Sky انٹر ٹینمنٹ کے کئی چارٹ بسٹنگ شوز ا س وقت ہر نوعیت کے ناظرین کی دلچسپی کیلئے آن ایئر ہیں، اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا نام گھر گھر کا مقبول نام ہے ۔

گزشتہ دہائی سے ا نٹر ٹینمنٹ کے منظر نامے پر راج کرنے والا7th Sky انٹر ٹینمنٹ اسکرین پر مسلسل معروف ستاروں کی کہکشاں سجا رہا ہے۔ان کا یہ نیا ڈرامہ بھی اس وقت دکھائی جانے والے مقبول ڈراموں جیسے رازِ الفت، بندھے اک ڈور سے اور اڑان کی فہرست میں ایک اوراہم اضافہ ہے۔
وقت اشاعت : 31/10/2020 - 19:51:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :