معروف گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی عبدالوحید کے قتل کی واردات کا ڈراپ سین، بیوی کا بھائی ہی قاتل نکلا

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 1 دسمبر 2020 17:44

معروف گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی عبدالوحید کے قتل کی واردات کا ڈراپ سین، بیوی کا بھائی ہی قاتل نکلا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 دسمبر2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے معروف گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی عبدالوحید کے قتل کی وارادات میں ملوث مقتول عبدالوحید کی بیوی کے بھائی دین عباس اور اس کے دوست ارسلان رضا کو گرفتار کرلیاہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہورشہزادہ سلطان کی واضح ہدایات کی روشنی میں انویسٹی گیشن پولیس کی سپیشل ٹیمیں قتل اور اقدام قتل سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے دن رات سرگرم عمل ہیں۔

ایس پی سٹی انویسٹی گیشن کی تشکیل کردہ پولیس ٹیم نے ایس ڈی پی اوبادامی باغ محمد اکر م کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن بادامی باغ محمد نواز اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے معروف گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی عبدالوحید کو قتل کرنے والے ملزمان دین عباس جو کہ مقتول کی بیوی کا بھائی ہے اور اس کے دوست ارسلان رضا کو گرفتار کرلیاہے۔

(جاری ہے)

دوران تفتیش ملزم دین عباس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے بہنوئی مقتول عبدالوحید اور اس کی بہن کے درمیان اکثرلڑائی جھگڑا رہتا تھااور مقتول عبدالوحید میری بہن پر تشدد کرتا تھا جس کا مجھے رنج تھا۔ میں نے اپنے دوست ارسلان رضا کے ساتھ مل کر عبدالوحید کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور وقوعہ کے روز جب میرا بہنوئی میری بہن کے ساتھ گھر سے موٹر سائیکل پر نکلا تومیں نے اور ارسلان نے منصوبے کے مطابق عبدالوحید کوویران جگہ پر روک کر فائرنگ کر کے قتل کر دیااور موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔
وقت اشاعت : 01/12/2020 - 17:44:57

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :