سیاہ فام امریکی اداکارہ اور ڈاکٹر انتھونی فاکی پیپل آف دی ایئر قرار

جارج کلونی، ڈاکٹر انتھونی فاکی، سلینا گومز اور ریجنا کنگ کی تصاویر میگزین کے کورز پر علیحدہ علیحدہ شائع کی جائیں گی

جمعہ 4 دسمبر 2020 11:49

سیاہ فام امریکی اداکارہ اور ڈاکٹر انتھونی فاکی پیپل آف دی ایئر قرار
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) پیپل میگزین نے رواں سال 2020 میں مثبت کردار ادا کرنے پر امریکی اداکار جارج کلونی، امریکی گلوکارہ سلینا گومز، اداکارہ ریجنا کنگ اور امریکی انسٹی ٹیوٹ برائے الرجی اور متعدی امراض کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاکی کوپیپل آف دی ایئر قرار دیدیا۔میگزین نے رواں برس کے پیپل آف دی ایئر کا اعلان کیا اور ان چاروں افراد کو چیلنجنگ سال 2020 کے دوران دنیا میں مثبت اثر کے باعث منتخب کیا گیا۔

خیال رہے کہ پیپل میگزین ہر سال، مثبت کردار ادا کرنے والے 4 افراد کوپیپل آف دی ایئر قرار دیتا ہے۔جارج کلونی، ڈاکٹر انتھونی فاکی، سلینا گومز اور ریجنا کنگ کی تصاویر میگزین کے کورز پر علیحدہ علیحدہ شائع کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

امریکی خبررساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق جارج کلونی ان کی آنے فلم’’ مڈنائٹ اسکائے ‘‘کے لیے آسکر دیے جانے کا امکان ہے۔

تاہم اداکار جارج کلونی اپنے امدادی کاموں کی وجہ سے بھی توجہ کا مرکز بنے۔انہوں نے امریکی سیاہ فام جارج فلائیڈ کی موت کے بعد مساوی انصاف کے اقدام میں 5 لاکھ ڈالر عطیہ کیے ۔علاوہ ازیں جارج کلونی نے اٹلی، لندن اور لاس اینجلس میں کورونا وائرس کے امدادی کاموں کے لیے بھی 10 لاکھ ڈالر عطیہ کیے تھے۔کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے دوران امریکا کے انسٹی ٹیوٹ برائے الرجی اور متعدی امراض کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاکی نے عوام کو عالمی وبا سے متعلق ہدایات فراہم کیں۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ برائے الرجی اور متعدی امراض کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے وہ قوم کو کورونا وائرس سے نمٹنے سے متعلق معلومات دینے کا سب سے بڑا ذریعہ بنے۔دوسری جانب سلینا گومز نے رواں برس ریئر کے نام سے میوزک البم ریلیز کی تھی اور ایچ بی او میکس پر سلینا+شیف نامی کوکنگ شو کی میزبانی بھی کی تھی۔اس کے علاوہ انہوں نے اپنے میک اپ برانڈ ریئر بیوٹی لانچ کیا جس کا ہدف لوگوں کو ذہنی صحت سے متعلق اقدامات تک رسائی کے لیے 10 برس میں 10 کروڑ ڈالر فنڈ جمع کرنا ہے۔

سیاہ فام امریکی اداکارہ ریجنا کنگ جنہوں نے رواں برس ایمی ایوارڈ جیتا تھا، انہوں نے لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے کے لیے اپنی آواز کا استعمال کیا۔انہوں نے عالمی وبا کے دوران پسماندہ طبقات کی مدد کے لیے اور نہتے سیاہ فام افراد کے خلاف پولیس کے تشدد پر آواز اٹھائی۔علاوہ ازیں ریجنا کنگ نے’’ون نائٹ ان میامی‘‘ سے ہدایت کاری کے میدان میں ڈیبیو کیا اور امکان ہے کہ وہ آسکر ایوارڈز کی دوڑ میں بھی شامل ہوں گی۔
وقت اشاعت : 04/12/2020 - 11:49:35

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :