شہزاد رائے کے روڈ سیفٹی پیغام پر لوگوں کے ان کی عمر پر تبصرے

بھائی ساب کونسا امرت کا جام پیا ہوا ہے، ہمارے بچپن میں بھی آپ ایسے ہی تھے ،ماشاء اللہ اب بھی ویسے کے ویسے ہیں،خاتون صارف

ہفتہ 26 دسمبر 2020 12:16

شہزاد رائے کے روڈ سیفٹی پیغام پر لوگوں کے ان کی عمر پر تبصرے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2020ء) گلوکارہ شہزاد رائے جوتعلیم، حفظان صحت اور دیگر سماجی مسائل کو حل کرنے میں پیش پیش دکھائی دیتے ہیں۔ایک روز قبل ہی روڈ سیفٹی پر انہوں نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا، جس پر لوگ جہاں ان کے پیغام کی تعریف کر رہے ہیں، وہیں ان کی عمر، سدا بہار حسن پر بھی دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔مختصر ویڈیو میں شہزاد رائے نے بتایا کہ وہ اسلام آباد کا سفر کر رہے تھے مگر موٹروے پولیس نے زیادہ دھند ہونے کے باعث موٹروے کو بند کردیا ہے اور وہ بھی کئی لوگوں کی طرح پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے پیغام دیا کہ موٹروے پولیس نے زیادہ دھند کی وجہ سے ہماری حفاظت کی خاطر راستہ بند کیا ہے مگر پھنسے ہوئے لوگ انہیں گالیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ موٹروے پولیس نے دھند کے باعث راستہ بند کیا، تاکہ سب لوگ خیریت سے رہیں۔

(جاری ہے)

شہزاد رائے کی مذکورہ روڈ سیفٹی پیغام پر کئی لوگوں نے ان کی تعریفیں کیں اور ان کی رائے سے سہمت دکھائی دیئے۔

تاہم ساتھ ہی ان کی ویڈیو پر لوگوں نے ان کی عمر اور سدا بہار حسن پر تبصرے کرنا شروع کردیے اور زیادہ تر لوگ حیران دکھائی دیے کہ اب بھی گلوکار 18 سالہ لڑکے کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔نامور صحافیوں نے بھی جہاں شہزاد رائے کے روڈ سیفٹی کے پیغام کی تعریف کی، وہیں عام افراد نے بھی ان کے پیغام کو بہترین قرار دیا، تاہم جلد ہی لوگوں نے ان کی عمر، رنگت اور سدا بہار حسن پر بحث کرنا شروع کردی۔

ایک خاتون کے ٹوئٹر ہینڈل سے شہزاد رائے کی ویڈیو پر کمنٹ کیا گیا کہ بھائی ساب کونسا امرت کا جام پیا ہوا ہے، ہمارے بچپن میں بھی اپ ایسے ہی تھے اور ماشاء اللہ اب بھی ویسے کے ویسے ہیں۔حیا بخاری نامی خاتون نے تو شہزاد رائے سے شادی کی خواہش کا اظہار بھی کیا اور کمنٹ کیا کہ کیا کوئی گلوکار کو ان سے شادی کیلئے راضی کر سکتا ہی ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ وہ وعدہ کرتی ہیں کہ وہ ان کے اسکن کیئر مصنوعات کبھی استعمال نہیں کریں گی۔

حیا بخاری کے کمنٹ شہزاد رائے نے کمنٹ کیا کہ وہ شادی کیلئے گلوکار کو رضامند کرنے کی کوشش کریں گے۔حیا بخاری کی جانب سے شہزاد رائے سے شادی کی خواہش ظاہر کرنے پر کئی افراد نے بھی اس موضوع پر کمنٹ کیے اور کمبوہ برادرز نے تو گلوکار کو درخواست کی کہ وہ حیا بخاری صاحبہ کی فرمائش پوری کردیں۔ایک صارف نے حیا بخاری کو یاد دلایا کہ شہزاد رائے پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں اور ان کے استعمال کے اسکن کیئر کی حدود میں جانے کی کسی کو اجازت نہیں۔

کمبوہ برادرز کے ٹوئٹر ہینڈل سے کمنٹ کیا گیا کہ ان کی محترم شہزاد رائے سے درخواست ہے کہ وہ حیا بخاری صاحبہ کی تجویز کو سنجیدگی سے لیں، کیوں کہ یہ بھی نیکی کا کام ہے۔ایک اور خاتون نے شہزاد رائے کی عمر اور خوبصورتی پر کمنٹ کیا کہ گلوکار مرد حضرات کی ماہ نور بلوچ ہیں۔ڈاکٹر ماہ نور گل نامی خاتون نے لکھا کہ ان کی آنٹی گلوکار کی بڑی مداح ہیں اور وہ خود بھی شہزاد رائے کو دیکھ کر بڑی ہوئیں، تاہم گلوکار اب بھی ویسے ہی ہیں، جیسے وہ ان کے بچپن میں دکھائی دیتے تھے۔
وقت اشاعت : 26/12/2020 - 12:16:43

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :