میں اپنی عزت کے خلاف کبھی کوئی کام نہیں کرتی‘زرین خان

ابتدائی دنوں کے بعد انڈسٹری میں ایک شخص نے مزید کام کا لالچ دے کر نازیبا حرکات کرنے کا بھی کہا جس پر میں نے انکار کردیا

جمعہ 1 جنوری 2021 12:15

میں اپنی عزت کے خلاف کبھی کوئی کام نہیں کرتی‘زرین خان
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2021ء) بالی وڈ اداکارہ زرین خان نے اپنی نجی زندگی اور ابتدائی دنوں میں پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری میں برے لوگ بھی ہوتے ہیں جن سے سامنا ہوا۔33سالہ زرین خان نے ایک انٹرویو میں نام لئے بغیر بتایا کہ ابتدائی دنوں کے بعد انڈسٹری میں ایک شخص نے مزید کام کا لالچ دے کر نازیبا حرکات کرنے کا بھی کہا جس پر میں نے انکار کردیا، میں اپنی عزت کے خلاف کبھی کوئی کام نہیں کرتی۔

زرین خان نے بتایا کہ میں اداکارہ کے علاوہ سب کچھ بننا چاہتی تھی، ممبئی میں 12ویں جماعت تک تعلیم حاصل کی۔ جس کے بعد میرے والد نے مجھ سے اور میری والدہ سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ میرا تعلق دولت مند گھرانے سے نہیں تھا، میرے والد کے الگ ہونے کے بعد مجھے گھر کے اخراجات اور اہلخانہ کو سپورٹ کرنے کے لئے کام کے لئے گھر سے نکلنا پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میرے کزنز ایئر انڈسٹری میں کام کرتے تھے، مجھے لگا کہ یہ اچھی ملازمت ہے۔

میں نے فیصلہ کیا کہ میں ایئر ہوسٹس بنوں گی لیکن اس وقت میرا وزن 100 کلو سے بھی زیادہ تھا اور کوئی بھی اتنے وزن والی ایئر ہوسٹس کو نوکری نہیں دیتا۔زرین خان نے انٹرویو میں کہا کہ پھر میں نے کال سینٹر میں ملازمت کی اور اپنے وزن کو بھی کم کرنے کا فیصلہ کیا۔ میں کھانے پینے کی بہت شوقین تھی اور وزن کم کرنا بہت مشکل کوشش تھی۔ کال سینٹر کی نوکری کے بعد میں نے اسٹالز پر پروموشن کی ملازمت بھی کی۔

اداکارہ نے اپنے انڈسٹری میں سفر کے آغاز سے متعلق بتایا کہ ایک دن شوٹنگ کی کال آئی جس پر میں نے منع کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ سلمان خان بھی اس میں شامل ہیں جس پر میں حیران رہ گئی اور میں نے فوراً حامی بھر دی۔ شوٹنگ پر کترینہ کیف بھی موجود تھیں جہاں میں نے پہلی مرتبہ سلمان خان کو السلام علیکم کہا۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھ پر میرے وزن سمیت کئی چیزوں پر تنقید بھی کی گئی۔
وقت اشاعت : 01/01/2021 - 12:15:00

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :