معروف قوال بدرمیانداد مرحوم کی برسی کل منائی جائے گی

پیر 1 مارچ 2021 21:13

معروف قوال بدرمیانداد مرحوم کی برسی کل منائی جائے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2021ء) ملک کے معروف قوال بدر میانداد کی برسی کل منگل کو منائی جائیگی۔ فن گائیکی میں دنیا بھر میں منفرد مقام رکھنے والے استاد نصرت فتح علی خان مرحوم کے ماموں زاد بھائی اور میانداد قوال کے صاحبزادے و شیر میانداد قوال کے بھائی بدر میانداد قوال 17 فروری 1962کو پاکپتن میں پیدا ہوئے جہاں ان کے والدین نے قیام پاکستان کے بعد ہجرت کر کے رہائش اختیار کی تھی۔

ان کا گھرانہ کئی سو سالوں سے فن موسیقی سے وابستہ تھا۔بدر میانداد قوال نے ریڈیو پاکستان ملتان سے ابتدائی طور پر گائیکی کا آغاز کیا۔ انہوں نے 45سال کی مختصر عمر میں بے پناہ شہرت حاصل کی جبکہ ان کے 150سے زیادہ البمز نے نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ملک بھی دھوم مچائے رکھی۔

(جاری ہے)

بدر میانداد کو یہ اعزاز بھی حاصل تھا کہ بہت سی بھارتی فلموں کیلئے بھی منتخب کئے گئے ان کے گانوں نے عالمی شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔

بدر میانداد جن کے البمز امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، بھارت اور یورپ میں بھی ریلیز ہو چکے ہیں ۔ بدر میانداد قوال عارضہ قلب اور اعصابی امراض میں مبتلا ہو نے کے بعد 2مارچ 2007کو اپنے مالک حقیقی سے جا ملے تھے۔ مرحوم کی برسی کے موقع پر مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا جس میں فن قوالی کیلئے بد ر میانداد کی طویل خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔
وقت اشاعت : 01/03/2021 - 21:13:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :