|24 کھلاڑیوں پر مشتمل ہائی پرفارمنس کیمپ آج لاہور میں شروع ہوگا

پیر 1 مارچ 2021 21:33

․لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2021ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے شعبہ ہائی پرفارمنس نے آج (بروز منگل) سے شروع ہونے والے ہائی پرفارمنس کیمپ میں شرکت کے لیے 24 کھلاڑیوں کو لاہور مدعو کرلیا ۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس کیمپ میں ان کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے جو یا تو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 میں شرکت نہیں کررہے یاوہ جو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت اب پاکستان کرکٹ ٹیم کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔

2 مارچ سے شروع ہونے والے اس کیمپ میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے کوچز ان کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ فزیکل فٹنس میں بہتری کے لیے کام کریں گے۔کیمپ کے مقاصد کرکٹرز کی تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کرنے اور ان پر قابو پانے میں مدد کرنا تاکہ وہ قومی ٹیم میں اپنی جگہ مستحکم کرسکیں، جو کھلاڑی ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں حصہ نہیں لے رہے انہیں کھیل سے جوڑے رکھنا تاکہ وہ اپریل میں شیڈول دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی تیاری کرسکیں،اسی طرح ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا تاکہ وہ آئندہ سیزن میں مزید بہتر کارکردگی پیش کرسکیں۔

(جاری ہے)

نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے کوچز محمدیوسف، ثقلین مشتاق، عتیق الزمان، محسن کمال اورعمر رشیدایک مربوط پروگرام کے تحت ان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کریں گے۔یہ کیمپ قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کی شعبہ ہائی پرفارمنس اورسلیکٹرز کی مشاورت کے بعدایک مشترکہ حکمت عملی کے تحت لگایا گیا ہے۔اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے شعبہ ہائی پرفارمنس کے ڈائریکٹر ندیم خان کاکہنا ہے کہ اس کیمپ کے ذریعے ہم اپنے کوچز کی مدد سے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نکھار لانا چاہتے ہیں اور یہی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کا فلسفہ اورسٹریٹجی بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں ان کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے کہ جو ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کا حصہ تو نہیں ہیں مگر وہ اپریل میں شیڈول دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے ممکنہ سکواڈ کا حصہ بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کیمپ میں ان کھلاڑیوں کو بھی طلب کیا ہے کہ جو حال ہی میں قومی کرکٹ ٹیم سے باہر ہوئے ہیں تاکہ وہ اپنی خامیوں پر قابو پاسکیں ، وہ پہلے ہی سیزن کے اختتام پر ایک ایسا کیمپ لگانے کا فیصلہ کرچکے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کیمپ کی نگرانی ثقلین مشتاق کریں گے، انہیں این ایچ پی سی کے دیگر کوچزمحمد یوسف، عتیق الزمان، عمر رشیداور محسن کمال کی معاونت بھی حاصل ہوگی، مصباح الحق اور وقار یونس بھی ممکنہ طور پر روزانہ کیمپ کا دورہ کریں گے ، جہاں وہ کوچنگ کرنے کے ساتھ ساتھ کیمپ کے حوالے سے اپنی قیمتی آرا بھی دیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ یہ کیمپ قومی کرکٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے والے کھلاڑیوں کے لیے اپنی خامیوں پر قابو پانے کا بہترین موقع ہے، اس دوران ہم مسلسل کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہیں گے تاکہ مستقبل قریب میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی شمولیت پر فیصلہ کیا جاسکے۔

کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق ، عابد علی ، احمد بشیر ، اسد شفیق ، اظہر علی ، بسم اللہ خان ، فواد عالم ، حماد اعظم ، حارث سہیل ، حسن خان ، عمران بٹ ، عرفان اللہ ، کامران غلام ، خرم شہزاد ، محمد عباس ، نعمان علی ، ریحان آفریدی ، ساجد خان ، سلمان ارشاد ، سعود شکیل ، تابش خان ، تاج ولی ، عمر خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 01/03/2021 - 21:33:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :