Live Updates

فیصل آباد کے محب وطن اور جمہوریت پسند لوگوں نے عمران خان کی منفی سیاست کو بری طرح مسترد کر دیا ‘ رانا ثناء اللہ ،عمران خان کی تقاریر اور ٹینشن سے اکتائے ہوئے لوگوں نے تحریک انصاف کے جلسے کی بجائے نصیبو لعل کے ثقافتی کنسرٹ کو ترجیح دی،تحریک انصاف کے جلسے میں شیخ رشید کی کی تقریر دراصل نوکری کی تلاش ہے‘ وزیر قانون وبلدیات کی پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو

پیر 26 مئی 2014 21:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مئی۔2014ء) صوبائی وزیر قانون وبلدیات رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے محب وطن اور جمہوریت پسند لوگوں نے عمران خان کی منفی سیاست کو بری طرح مسترد کر دیا ہے،اتوار کے روز جو نفرت بھری اور اخلاق سے گری ہوئی عمران کے حواریوں نے فیصل آباد میں تقاریر کیں کیا وہ ان سے تبدیلی لانا چاہتے ہیں؟ ، عمران خان نے سوائے ٹینشن کے عوام کو کچھ نہیں دیا۔

سوموار کے روز پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فیصل آباد میں 200 ارب روپے کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جس سے نہ صرف ابتدائی طور پر 35 ہزار کے قریب روزگار کے مواقع مل سکیں گے بلکہ ایک صنعتی انقلاب بھی برپا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں جاری ملکی ترقی کا سفر اب تھمنے والا نہیں یہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقاریر اور ٹینشن سے اکتائے ہوئے لوگوں نے تحریک انصاف کے جلسے کی بجائے نصیبو لعل کے ثقافتی کنسرٹ کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فیصل آباد کے علاوہ متعدد شہروں سے 8 سے 10ہزار افرادکو اکٹھے کر کے کونسا تیر چلایا ہے؟ اس کے جلسہ میں فیصل آباد سے 1000اور1200 کے درمیان مقامی افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کے جلسہ میں 4000 سکیورٹی اہلکاروں نے حفاظتی امور سرانجام دیئے۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ تحریک انصاف کے جلسے میں شیخ رشید کی کی تقریر دراصل نوکری کی تلاش ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات