’’سنو چندا‘‘ کی کامیابی کے بعد ہم ٹی وی نے دورومانوی مزاحیہ ڈراموں’’تانا بانا‘‘ اور چپکے چپکے‘‘ پیش کردئیے

جمعہ 16 اپریل 2021 21:50

’’سنو چندا‘‘ کی کامیابی کے بعد ہم ٹی وی نے دورومانوی مزاحیہ ڈراموں’’تانا بانا‘‘ اور چپکے چپکے‘‘ پیش کردئیے
مانگامنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2021ء) رمضان کے خصوصی کھیل ’’سنوچندا‘ ‘ کی زبردست کامیابی اور شاندار عوامی ردعمل کے بعد ہم ٹی وی نے امسال رمضان میں دو رومانوی مزاحیہ ڈراموں’’ تانا بانا‘‘ اور ’’چپکے چپکے‘‘ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔دونوں ڈراموں کی جھلکیوں نے ڈرامے کی آمد سے قبل ہی ناظرین کی توجہ حاصل کرلی ہے اور لوگ بے صبری سے ڈراموں کے آن ائیر جانے کے منتظر ہیں۔

یکم رمضان کی شام7:30پر پیش کیا جانے والا ڈرامہ تانا بانا ایک مزاحیہ رومانوی کہانی ہے جو زین اور زویا کے گرد گھومتی ہے۔یہ ڈرامہ ایم ڈی پروڈکشنز کے بینر تلے پیش کیا جارہا ہے۔ زین علم نجوم پر پختہ یقین رکھتا ہے اور اس کے اسٹار سائن کے مطابق اس کی شادی ارینج میرج ہوگی جس سے اسے پیار ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف زویا ایک ترقی پسند اور عملی لڑکی ہے ‘جس کی پوری توجہ اپنی تعلیم مکمل کرنے پر ہے ۔

زین کی خالہ اسے دو فیملیز سے متعارف کراتی ہیں اور زویا ‘ زین کو پرپوزل مسترد کرنے پر دبائو ڈالتی ہے جب کہ زین پہلے ہی زویا کی محبت میں گرفتار ہے۔اپنے اعتقاد کے باوجود وہ زویا کو شادی کیلئے کنوینس کرتا ہے اور اس سے اس کی شرائط پر شادی کرنے کیلئے تیار ہوجاتا ہے۔دونوں کے مابین دس شرائط پر مشتمل ایک معاہدہ ہوجاتاہے جس کا ان دونوں کی شادی تک کسی کو پتا نہیں ہوتا لیکن جب وہ شرائط منظر عام پر آتی ہیں تو دلچسپ واقعات کا تانتا بندھ جاتا ہے۔

حسن امام کا تصنیف کردہ اور سیف حسن کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیریل میں دانیال ظفراور علیزے شاہ مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ یکم رمضان سے شروع ہونے والی اس سیریل کے دیگر نمایاں کرداروں میں جویریہ عباسی‘ عامر قریشی‘ حسن نعمان قریسی‘ عصمت زیدی ‘ کومل رضوی ‘سارہ ندیم ‘ تانیا آمنہ حسین اور یش شامل ہیں۔ایم ڈی پروڈکشنز کے زیر اہتمام پیش کیا جانے والا ہم ٹی وی کا دوسرا ڈرامہ ’’چپکے چپکے ‘‘ رات9بجے پیش کیا جائے ۔

دانش نواز کی زیر ہدایت بننے والی اس سیریل کی کہانی پورے رمضان آپ اور آپ کے خاندان کو بھرپور تفریح فراہم کرے گی۔ڈرامے کی کہانی فاز اور ہادی کے گرد گھومتی ہے ‘ فاز ایک مکمل لڑکی کی تلاش میں ہے جبکہ موخر الذکر نہ صرف اپنی نوکری سے جدوجہد کررہا ہے بلکہ شادی کے پرپوزل کے حوالے سے بھی بد قسمتی کا شکار ہے۔ ڈرامے کی کہانی خاندانی ڈرامہ ‘ تناؤ‘ مضحکہ خیز اور دلچسپ صورتحال کا بہترین امتزاج ہے ۔

سنو چندا کی مصنفہ صائمہ اکرم چودھری کی تحریر کردہ ’’ چپکے چپکے ‘‘ ایک بڑی اسٹار کاسٹ کا ڈرامہ ہے۔جس میں عثمان خالد بٹ اور عائزہ خان کے علاوہ ارسلان نصیر )آف کامکس بائی ارسلان سے شہرت یافتہ (اورایمن سلیم کے علاوہ مانی ‘ میرا سیٹھی ‘ قوی خان ‘ علی سفینہ ‘ تارہ محمود ‘ فرحان ایلی آغا ‘ عاصمہ عباس ‘شہریار زیدی ‘ سلمیٰ عاصم ‘ حرا سومرو ‘عظمی بیگ‘ عائشہ مرزا ‘ عبد الہادی ‘ عریشہ اور دیگر شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 16/04/2021 - 21:50:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :