عید الفطر پر سینماء گھر کھولیں گے،سینماء ملازمین کا اعلان

اگر عید الفطر پر سینماء کھولنے سے روکا گیا تو اپنے خاندانوں سمیت وزیر اعلیٰ ہاؤس پر اجتماعی خود کشی کریں گے

منگل 20 اپریل 2021 16:38

عید الفطر پر سینماء گھر کھولیں گے،سینماء ملازمین کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء) کراچی کے سینماء گھروں کے سینکڑوں ملازمین تنگدستی ، مالی پریشانیوں سے ذینی کرب میں مبتلا رہنے کے بعد پھٹ پڑے اور ازخود اعلان کر دیا کہ وہ اپنے بچوں کو مزید بھوک سے بلکتا نہیں دیکھ سکتے ۔ سینماء ملازمین کے 3رکنی نمائندوں نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کے لیے پہنچنے کے بعد اپنے موقف کا اعلان کیا ۔

انہوں نے کہا کہ 20رمضان المبارک سے سینماء گھروں کی صفائی کا آغاز کرینگے ، چاند رات کو پہلا شو چلائیں گے اور عید الفطر سے باقاعدہ سینماء کھولیں گے۔

(جاری ہے)

اب روزگار کمانے سے ہمیں کوئی روک نہیں سکتا۔ اگر حکومت سندھ کو غریب عوام سے ، ہم غریب مفلس، پریشان حال محنت کشوں سے زرہ بھی ہمدردی ہے تو کاروبار کرنے دیا جائے۔ورنہ ہمیں ہر ماہ گھر کے اخراجات فراہم کیے جائیں۔

سینماء ملازمین نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر عید الفطر پر کاروبار کرنے سینماء گھر کھولنے میں رکاوٹ ڈالی گئی تو ہم عید کے دن وزیر اعلیٰ ہاؤس پر اپنے بچوں اور پوری فیملی کے ہمراہ پہنچیں گے اور اگر مزید پریشان کیا گیا تو اجتماعی خود کشی کریں گے۔ایک سال سے ہمارا کاروبار بند ہے۔ اب ہم تنگ آگئے ہیں ۔ اب برداشت سے باہر چلے گئے ہیں۔
وقت اشاعت : 20/04/2021 - 16:38:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :