علی ظفر کے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت دعوے کیس کی سماعت 22مئی تک ملتوی ،گواہ دوبارہ جرح کے لئے طلب

سماعت کے دوران میشا شفیع کی گواہ سوالات کا جواب دیتے ہوئے غصے میں آگئیں اور علی ظفر کے وکیل سے بد تمیزی کی

ہفتہ 24 اپریل 2021 17:00

علی ظفر کے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت دعوے کیس کی سماعت 22مئی تک ملتوی ،گواہ دوبارہ جرح کے لئے طلب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2021ء) گلوکار و اداکار علی ظفر کے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت دعوے کیس کی سماعت 22مئی تک ملتوی کردی گئی ،سماعت کے دوران میشا شفیع کی گواہ سوالات کا جواب دیتے ہوئے غصے میں آگئیں اور علی ظفر کے وکیل سے بد تمیزی کی ۔ ایڈیشنل سیشن جج اظہر اقبال رانجھا نے علی ظفر کی جانب سے میشاشفیع کے خلاف ہتک عزت دعوے کی سماعت کی ۔

میشا شفیع کی گواہ لیناغنی عدالت میں پیش ہوئیںجن سے علی ظفر کے وکلا ء نے جرح کی۔دوران سماعت علی ظفر کے وکیل کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے لینا غنی غصے میں آگئیں اور علی ظفر کے وکیل سے بدتمیزی کی جس پر وکیل نے کہا کہ آپ عدالت میں کھڑی ہیں اوربدتمیزی کررہی ہیں۔اس سے قبل وکیل علی ظفر نے لینا غنی سے استفسار کیا تھا کہ عورت مارچ کے لیے فنڈز کہاں سے آتے ہیں جس پر میشاشفیع کی گواہ نے جواب دیا کہ عوام سے چندہ لیا جاتا ہے باہر سے کوئی فنڈنگ نہیں ہوتی۔

(جاری ہے)

علی ظفر کے وکیل نے سوال کیا کہ کیا اس کا کوئی آڈٹ بھی ہوتا ہے یا نہیں جس پر انہوں نے بتایا کہ نہیں اس کا کوئی آڈٹ نہیں ہوتا۔سماعت کے دوران علی ظفر کے وکیل نے عورت مارچ میں استعمال ہونے والے پلے کارڈ عدالت کے روبرو پیش کیے۔ گلوکار علی ظفر کے وکیل نے لینا غنی سے سوال کیا کہ مارچ میں جو پلے کارڈ لائے جاتے ہیں کیاا ٓپ ان کی اجازت دیتی ہیں جس پر لینا غنی نے جواب دیا کہ ہماری کمیٹی صرف مارچ منعقدکرتی ہے پلے کارڈ لوگ خود لاتے ہیں۔

وکیل علی ظفر نے گواہ سے سوال کیا کہ علی ظفر کے ساتھ کسی پراجیکٹ پر کام کیا جس پر میشا شفیع کی گواہ نے نفی میں جواب دیا اور عدالت کو بتایا کہ کالج میں ایک بار کسی ڈرامے میں علی ظفر کے ساتھ کام کیا، اس موقع پر علی ظفر کے ساتھ لینا غنی کی پرانی تصاویر عدالت میں پیش کی گئیں۔ لینا غنی کا کہنا تھا کہ کالج کے دور میں علی ظفر کے ساتھ اچھا تعلق تھا، یہ تب کی تصویریں ہیں جب میری علی ظفر سے دوستی تھی۔گلوکارہ میشا شفیع کی گواہ لینا غنی کے بیان پر جرح مکمل نہ ہوسکی۔عدالت نے لیناغنی کوجرح کے لئے دوبارہ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 22مئی تک ملتوی کردی۔
وقت اشاعت : 24/04/2021 - 17:00:15

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :