چارماہ کا کرایہ نہ اداکرنے پر مالک مکان نے غفار لہری کو گھرسے نکال دیا

اہل محلہ کی ضمانت پر نئے گھرمیں شفٹ ہواہوں جسکا 35ہزاراداکرناہے‘غفار لہری

جمعرات 29 اپریل 2021 12:14

کھڈیاں خاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2021ء) چار ماہ کا کرایہ ادانہ کرنے پر مالک مکان نے اداکار غفار لہری کو گھر سے نکال دیا،اہل محلہ نے اپنی ضمانت پر دوسرے گھرمیں شفٹ کروایا،تفصیلات کے مطابق اداکار و کامیڈین غفار لہری جو پے درپے مالی مشکلات کا شکار بنتے جارہے ہیں گذشتہ دنوں ان کے مالک مکان نے انہیں چار ماہ کا کرایہ ادانہ کرنے پر گھر خالی کروالیا جس پر ان کے اہل محلہ نے ان کی مالی مشکلات کو مدنظررکھتے ہوئے انہیں اپنی ضمانت پر دوسرے گھرمیں شفٹ کروایا۔

ایک ملاقات کے دوران غفار لہری نے بتایاکہ وہ چار ماہ سے گھر کا کرایہ ادانہیں کرپائے تھے جس وجہ سے مالک مکان نے ان سے گھرخالی کروالیاہے ان کے پاس دوسرے گھرمیں شفٹ ہونے کے پیسے بھی نہیں تھے جس پر اہل محلہ نے نئے مالک مکان کو اپنی ضمانت پر انہیں گھر شفٹ کروایا جس کا ایڈوانس اور کرایہ تقریباً 35 ہزار ان پر مذید قرض چڑھ گیاہے۔

(جاری ہے)

ایک سوا ل کے جواب میں غفار لہری کا کہنا تھا کہ کرونا کی وجہ سے وہ بیروزگار ہوچکے ہیں اور ہر آنے والا دن ان کے لیئے مشکل آرہاہے حکومت نے بھی ان کی کوئی مالی مدد نہیں کی گذشتہ دنوں آرٹسٹوں کو بیس ہزار اور پچاس ہزار کی مالی امدادکی گئی مگر کسی نے ان کا نام ہی لسٹ سے کاٹ دیا جس وجہ سے وہ اس امدادسے بھی محروم رہے۔

غفار لہری کا کہنا تھا کہ وہ ایک عرصے سے بیماریوں اور بیروزگار سے لڑ رہے ہیں خود بھی چھ ماہ بیمار ہو کر گھر پڑے رہے انہوں نے رشتہ داروں سے ادھار پکڑ کر جوتیوں کی دوکان ڈالی کیونکہ وہ ایک شوزڈیزائنر بھی ہیں اور اپنا ہنرآزمانے کے لیئے کرایہ پر دوکان لی مگر اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود وہ اس دوکان کو نہیں چلا سکے کیونکہ ان کی دوکان پر صرف 30-35 ہزار کا سامان پڑا ہے جس وجہ سے گاہک نہیں آرہے۔

غفار لہری کا کہنا تھا کہ وہ ابتک تقریباً آٹھلاکھ کے مقروض ہوچکے ہیں اور بیماری نے بھی ان کا پیچھا نہیں چھوڑا ان کی اکلوتی بیٹی بھی پانچ چھ ماہ سے ٹائیفائیڈ بخار میں مبتلا ہے جس کی ادویات اور ٹیسٹو ں کاخرچہ بھی ان کے پاس نہیں ہے۔غفار لہری نے مذید بتایاکہ ان حالات اور قرض کی وجہ سے وہ شدیدقسم کی بے دلی اور مایوسی کا شکار ہوچکے ہیں کچھ دوستوں نے ان کی مدد بھی کی ہے مگر وہ ابھی بھی اتنی بڑی رقم کے مقروض ہیں اور ہر ماہ گھر اور دوکان کا کرایہ،ادویات کے اخراجات ان کے بس کی بات نہیں رہے ہیں انہوں نے حکومت سے استدعاکرتے ہوئے کہاکہ حکومت ان کی مالی امداد کرے تاکہ وہ اپنا قرض اتار کر دووقت کی عزت کی روٹی کمانے کے قابل ہوسکیں۔
وقت اشاعت : 29/04/2021 - 12:14:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :