اسرائیل کے حق میں ٹوئٹ ،یہودی اداکارہ گال گدوت کو تنقید کا سامنا

اپنے اہلخانہ، دوستوں کیلئے پریشان ہوں، اسرائیل کو آزاد اور محفوظ قوم کی حیثیت سے جینے کا حق ہے،پڑوسیوں کو بھی یہی حق ہے،متاثرین اور اہلخانہ کیلئے دعا گو ہوں، گال گدوت آپ امن کی بات نہ کریں آپ نے ماضی میں اسرائیلی دفاعی فورسز میں خدمات سرانجام دی ہیں، جنہوں نے گلیوں میں پرامن طریقے سے چلنے والے بچوں اور بڑوں کو قتل کیاجینٹرٹ ہم پڑوسی نہیں ، یہ ہماری سرزمین ہے، آپ نے اسے طاقت سے حاصل کیا، ہمیں نکال دیا، پنجرے میں قید کردیا اور ہمارے حقوق چھین لئے،نورالعیون

ہفتہ 15 مئی 2021 15:20

یروشلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2021ء) اسرائیلی فورسز کی جانب سے گزشتہ ہفتے سے فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں جس کے نتیجے میں درجنوںفلسطینی جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں مختلف ممالک کی جانب سے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھائی گئی ہے جبکہ مقامی و غیر مقامی شوبز و معروف شخصیات نے بھی ان حملوں کی مذمت کی ہے۔

تاہم 'ونڈر وومن 1984' میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اسرائیلی نژاد امریکی یہودی اداکارہ گال گدوت نے اسرائیل کے حق میں ٹوئٹ کی ہے جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔7 مئی سے جاری حالات کے تناظر میں ٹوئٹ کرتے ہوئے گال گدوت نے لکھا کہ 'میرا دل رو رہا ہے، میرا ملک حالت جنگ میں ہے، میں اپنے اہلخانہ، دوستوں کیلئے پریشان ہوں، میں اپنے لوگوں کیلئے پریشان ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ برائی کا یہ سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے، اسرائیل کو بھی آزاد اور محفوظ قوم کی حیثیت سے جینے کا حق ہے۔گال گدوت نے لکھا کہ ہمارے پڑوسیوں کو بھی یہی حق ہے، میں متاثرین اور ان کے اہلخانہ کیلئے دعا گو ہوں۔انہوں نے لکھا کہ ناقابل تصور دشمنی کے خاتمے کی دعا کرتی ہوں، میں دعا کرتی ہوں کہ ہمارے لیڈرز کو اس مسئلے کا حل مل جائے تاکہ ہم امن کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ رہ سکیں، میں اچھے دنوں کے لیے دعا گو ہوں۔

گال گدوت کی ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہوا جبکہ اکثر افراد نے کہا کہ وہ ظالموں کی حمایت کررہی ہیں۔ایک صارف نے لکھا کہ آپ امن کی بات نہ کریں جب آپ نے ماضی میں اسرائیلی دفاعی فورسز میں خدمات سرانجام دی ہیں، جنہوں نے گلیوں میں پرامن طریقے سے چلنے والے بچوں اور بڑوں کو قتل کیا۔جینٹرٹ نامی صارف نے لکھا کہ کیا انہوں نے کبھی خواتین پر حملوں، مردوں اور بچوں کی ہلاکتوں کی ویڈیوز دیکھی ہیں، آپ لوگوں کیلئے دعا نہیں کرسکتے ہیں جب آپ ان میں شامل ہوں جنہوں نے ایسے اقدامات کا آغاز کیا ہو۔

جیک نامی صارف نے گال گدوت کی ٹوئٹ کے الفاظ تبدیل کرتے ہوئے لکھا کہ اسے ٹھیک کردیا ہے۔لین نامی صارف نے لکھا کہ 'یہ کہنے کی جرات نہ کریں کہ ہم پڑوسی ہیں جب آپ آئی ڈی ایف کا حصہ رہی ہیں۔نورالعیون نے لکھا کہ 'ہم پڑوسی نہیں ہیں، یہ ہماری سرزمین ہے، آپ نے اسے طاقت سے حاصل کیا، ہمیں نکال دیا، پنجرے میں قید کردیا اور ہمارے حقوق چھین لئے۔انہوں نے مزید لکھا کہ آپ کی حمایت اربوں امریکی ڈالرز نے کی تھی جبکہ ہمارے پاس کچھ نہیں تھا، آپ ہمارے پڑوسی نہیں ہیں، آپ کا یہاں سے تعلق نہیں، یہ آپ لوگوں نے شروع کیا۔ایک اور صارف نے لکھا کہ کیا انہوں نے آئی ڈی ایف میں خدمات سرانجام نہیں دیں اور اس نسل کشی کی گواہ نہیں ہیں اور اب اچانک کیا ہوا ۔
وقت اشاعت : 15/05/2021 - 15:20:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :