پاکستان میں میا خلیفہ کا ٹک ٹاک اکائونٹ بند

اب سے وہ ٹک ٹاک والا مواد پاکستانی مداحوں کے لیے ٹوئٹر پر اپ لوڈ کریں گی

منگل 25 مئی 2021 12:05

پاکستان میں میا خلیفہ کا ٹک ٹاک اکائونٹ بند
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2021ء) شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے لبنانی نڑاد اسپورٹس اینکر، ماڈل و اداکار میا خلیفہ کے اکائونٹ کو پاکستان میں غیر فعال کردیا، جس کے بعد اداکارہ نے پاکستانی مداحوں کے لیے ٹوئٹر پر مواد اپ لوڈ کرنے کا اعلان کردیا۔ٹک ٹاک نے عدالتی و حکومتی احکامات کے بعد گزشتہ چند ماہ میں پاکستان سے جہاں فحش اور نازیبا مواد کی ویڈیوز کو ہٹا دیا تھا، وہیں ٹک ٹاک نے بعض ایسے غیر ملکی اکائونٹس کو بھی پاکستان میں غیر فعال کردیا، جن پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ ہوتا ہے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ ٹک ٹاک نے خود میا خلیفہ کا اکائونٹ غیر فعال کیا یا پھر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی ای) نے اداکارہ کے اکائونٹ کو بند کیا۔

(جاری ہے)

تاہم گزشتہ روز ایک صارف نے میا خلیفہ کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں ان کا ٹک ٹاک اکائونٹ بند کردیا گیا ہے۔فرضی نام سے بنے ٹوئٹر ہینڈل سے 23 مئی کو میا خلیفہ کو مینشن کرتے ہوئے ٹوئٹ کی گئی کہ لبنانی نژاد اداکارہ کا ٹک ٹاک اکائونٹ پاکستان میں بند کردیا اور ساتھ ہی انہوں نے ایسے قدم کو نفرت پر مبنی قدم بھی قرار دیا۔

بعد ازاں میا خلیفہ نے مذکورہ صارف کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ پاکستانی صارفین کے لیے ٹوئٹر پر مواد اپ لوڈ کریں گی۔میا خلیفہ نے ٹوئٹ کی کہ پاکستان میں ان کا ٹک ٹاک اکائونٹ بند کردیا ہے، اس لیے اب سے وہ ٹک ٹاک والا مواد پاکستانی مداحوں کے لیے ٹوئٹر پر اپ لوڈ کریں گی۔
وقت اشاعت : 25/05/2021 - 12:05:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :