ٹارزن کا کردار ادا کرنے والے اداکار اہلیہ سمیت حادثے میں ہلاک

ولیم جوزف لارا چھوٹے طیارے کے ذریعے امریکی ریاست ٹینیسی میں ایک سے دوسرے شہر کے لیے فضائی سفر کر رہے تھے کہ ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا

منگل 1 جون 2021 11:54

ٹارزن کا کردار ادا کرنے والے اداکار اہلیہ سمیت حادثے میں ہلاک
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2021ء) امریکی ٹیلی فلم ’ٹارزن منہٹن‘ میں جنگلی ہیرو ’ٹارزن‘ کا کردار ادا کرنے والے معروف امریکی اداکار ولیم جوزف لارا فضائی حادثے میں اہلیہ سمیت ہلاک ہوگئے۔ولیم جوزف لارا دو دن قبل ایک چھوٹے طیارے کے ذریعے امریکی ریاست ٹینیسی میں ایک سے دوسرے شہر کے لیے فضائی سفر کر رہے تھے کہ ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ولیم جوزف لارا جس طیارے میں سوار تھے وہ ریاست ٹینیسی کی کائونٹی رتھرفورڈ کی حدود میں سمندر میں گر کر تباہ ہوا۔حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں ولیم جوزف لارا سمیت ان کی اہلیہ ڈائٹ پروگرامر گوین ایس لارا بھی سوار تھیں اور حادثے میں مجموعی طور پر 7 افراد ہلاک ہوئے۔

(جاری ہے)

ولیم جوزف لارا نے اداکاری سے قبل مارشل آرٹ اور ماڈلنگ میں بھی فن کا مظاہرہ کیا تھا لیکن جلد ہی انہوں نے 1990 سے قبل ہی اداکاری کا آغاز کردیا تھا۔

ولیم جوزف لارا نے فلم ’نائٹ وارز‘ میں امریکی فوجی کا کردار ادا کرنے سے اداکاری کا آغاز کیا اور اگلے ہی سال 1989 میں انہیں شہرہ آفاق ٹیلی فلم ’ٹارزن منہٹن‘ میں مرکزی کردار دیا گیا۔ولیم جوزف لارا کو ’ٹارزن‘ کا کردار ادا کرنے سے ہی شہرت ملی تھی، ان کی مذکورہ فلم ’سی بی ایس‘ ٹی وی نے تیار کی تھی، جسے دنیا کے متعدد ممالک میں بھی اس وقت ٹی وی پر دکھایا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 01/06/2021 - 11:54:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :