کرشمہ کپور نے شوبز انڈسٹری میں 30سال مکمل ہونے پر مداحوں کیساتھ پہلی فلم کی یادگار تصویر شیئر کردی

منگل 22 جون 2021 23:07

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) ماضی کی مقبول بالی وو ڈسپر ہیروئن 46 سالہ کرشمہ کپور نے شوبز انڈسٹری میں خود کے 30سال مکمل ہونے پر مداحوں کے ساتھ اپنی پہلی فلم کی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔کرشمہ کپور نے 22جون کو انسٹاگرام پر اپنی پہلی فلم پریم قیدی کے ایک منظر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں شوبز میں آئے ہوئے 30سال مکمل ہوگئے۔

کرشمہ کپور کی جانب سے تصویر شیئر کیے جانے کے بعد اداکار سنجے کپور نے ان کی پوسٹ پر سوالیہ کمنٹ کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ کیا سنجے کپور آپ کا ہیرو ہو سکتا تھا ۔اسی حوالے سے انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کرشمہ کپور کی پہلی فلم میں نہ صرف سنجے کپور کو پہلے کاسٹ کیا گیا تھا بلکہ اس میں روینہ ٹنڈن کو بھی کام کی پیش کش کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

روینہ ٹنڈن کے انکار کے بعد کرشمہ کپور کو مذکورہ فلم میں کاسٹ کیا گیا اور اس وقت ان کی عمر محض 17 سال تھی۔اداکارہ نے اپنی پہلی فلم کی اسی منظر کی تصویر شیئر کی، جس میں انہیں سوئمنگ سوٹ میں دکھایا گیا تھا۔کرشمہ کپور کی پہلی فلم پریم قیدی 22جون 1991میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کی کامیابی کے بعد ان کی دوسری فلم پولیس افسر آئی، جس نے بھی کامیابی سمیٹی۔انہوں نے کیریئر کے آغاز میں ہی ایک کے بعد ایک کامیاب فلم دی اور ان کا شمار 1990 سے 2005 کی سپر ہیروئنز میں شمار کیا جاتا ہے۔اداکارہ نے اپنے 30 سالہ کیریئر میں 6 درجن کے قریب فلموں میں کام کیا اور متعدد ایوارڈز اپنے نام کئے۔کرشمہ کپور کی بطور اداکارہ آخری فلم ڈینجرس عشق 2012 میں ریلیز ہوئی تھی۔
وقت اشاعت : 22/06/2021 - 23:07:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :