پنجاب آرٹس کونسل ملتان کی موسیقی کی کلاس معروف گلوکار نعیم الحسن ببلو کے نام سے موسوم کردی گئی

بدھ 23 جون 2021 14:08

پنجاب آرٹس کونسل ملتان کی موسیقی کی کلاس معروف گلوکار نعیم الحسن ببلو کے نام سے موسوم کردی گئی
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2021ء) پنجاب آرٹس کونسل ملتان کی موسیقی کی کلاس کو نامورگلوکارنعیم الحسن ببلو کے نام سے موسوم کردیاگیا۔اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب نعیم الحسن ببلو میوزک کلاس میں منعقدہوئی جس میں نامور گلوکاروں،موسیقاروں اورفنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے پنجاب آرٹس کونسل ملتان کے ڈائریکٹرچوہدری طاہرمحمودنے کہاکہ ملتان آرٹس کونسل فنکاروں،موسیقاروں اورفنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات   کی فلاح وبہبوداوران کے فن کو آگے بڑھانے کے لئے خدمات انجام دیتی رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ نعیم الحسن ببلو اس خطے کی پہچان تھے۔انہوں نے ملتان میں رہ کر دنیا بھر میں اپنی الگ شناخت بنائی،وہ آرٹس کونسل کی موسیقی کی کلاس سے بھی وابستہ رہے اورنئے لوگوں کو موسیقی کی تربیت دیتے رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان کی یاد میں 30جون کو ملتان آرٹس کونسل میں گرینڈمیوزیکل شوہوگاجس میں معروف گلوکاروں کی شرکت متوقع ہے۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے نامور موسیقار استادصغیراحمد نے کہاکہ نعیم الحسن ببلو بے پناہ صلاحیتوں کے مالک تھے انہوں نے بے پناہ محنت کے ذریعے اپنا مقام بنایا۔

نامور گلوکار عارف خان بابرنے کہاکہ وہ اول وآخرفنکارتھے،فنکاروں سے محبت کرتے تھے وہ جب سٹیج پرآتے تواپنی آوازکے ذریعے سحرطاری کردیتے تھے۔نامور شاعر قمر رضاشہزادنے کہاکہ شہراپنے فنکاروں کے ذریعے پہچانے جاتے ہیں نعیم الحسن ببلو ملتان کی پہچان تھے۔تقریب سے معروف گلوکارفیاض بخاری، نعیم الحسن ببلو کے چچا اسلم بلوچ،بھائی احسن بلوچ اوربیٹے علی نے بھی خطاب کیا۔نظامت کے فرائض شمیم انصاری نے انجام دیئے۔
وقت اشاعت : 23/06/2021 - 14:08:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :