برطانوی اخبار کی جارج کلونی سے معذرت

جمعرات 10 جولائی 2014 23:47

برطانوی اخبار کی جارج کلونی سے معذرت

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جولائی۔2014ء)برطانوی اخبار 'ڈیلی میل' نے ہالی وڈ اداکار جارج کلونی سے اپنی اس کہانی پر معافی مانگی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اداکار کی ہونے والی ساس نے مذہبی بنیاد پر اس شادی پر اعتراض کیا ہے۔ہالی وڈ سٹار جارج کلونی اپنے بارے میں چھپنے والی خبروں اور سکینڈلز کو نظر انداز کرنے کے لئے مشہور ہیں لیکن، برطانوی اخبار نے کلونی جیسے ٹھنڈے مزاج انسان کو بھی ناراض کر دیا۔

’ڈیلی میل‘ نے جارج کلونی کی منگیتر امل علام الدین کی والدہ، یعنی کلونی کی ہونے والی ساس کے حوالے سے یہ خبریں شائع کیں کہ وہ اس شادی سے خوش نہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ جارج کلونی دروز فرقے سے تعلق نہیں رکھتے (یہ فرقہ مڈل ایسٹ میں لبنان اور شام میں رہائش پذیر ہے)۔

(جاری ہے)

اخبار نے امل کے قریبی دوستوں کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ امل کی والدہ باریہ علام الدین کے خیال میں جارج کلونی ان کی بیٹی کے لئے مناسب نہیں۔

دروز فرقے سے باہر شادی کرنے والی کئی خواتین کو اصول توڑنے پر قتل بھی کیا جا چکا ہے اور بعض اوقات تو دروز عورت سے شادی کرنے والے غیر دروز آدمی کی بھی جان لے لی جاتی ہے۔امریکی اخبار یو ایس اے ٹو ڈے میں جارج کلونی نے اس بات کی تردید کی ہے کہ امل علام الدین کی والدہ دروز فرقے سے تعلق رکھتی ہیں اور نہ ہی وہ اس شادی کے خلاف ہیں۔میل آن لائن کی جانب سے شائع ہونے والے معافی نامے میں کہا گیا ہے ’ہم جارج کلونی کے اس موقف کو تسلیم کرتے ہیں کہ یہ خبر درست نہیں ہے۔

ہم نے اس خبر کو اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا ہے اور ہم کلونی کے نمائندے سے بات چیت کریں گے اور کلونی کو اپنا ورژن بیان کرنے کا موقع دیں گے'۔جارج کلونی کی منگیتر امل علام الدین لبنانی نژاد برطانوی ہیومن رائٹس بیریسٹر ہیں۔یاد رہے کہ ڈیلی میل برطانیہ کا مشہور ترین اخبار ہے اور صرف مئی کے اعداد و شمار کے مطابق اس کی ایک اعشاریہ سات ملین کاپیز فروخت ہوئی تھیں۔

وقت اشاعت : 10/07/2014 - 23:47:29