کیریئر کے عروج پر جن کیلئے آئٹم سانگ کیے، زوال میں انہوں نے ساتھ چھوڑ دیا، متھیرا

سوشل میڈیا پر پہلے پہل مرد خواتین کی تعریف ،دعا سلام کرتے ہیں، پھر بہن تک بنا تے ہیں پھر ان سے شادی بھی کرنا چاہتے ہیں، اداکارہ

جمعہ 16 جولائی 2021 17:05

کیریئر کے عروج پر جن کیلئے آئٹم سانگ کیے، زوال میں انہوں نے ساتھ چھوڑ دیا، متھیرا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2021ء) ماڈل، میزبان اور اداکارہ متھیرا نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے عروج پر جن لوگوں کے لیے مفت میں آئٹم سانگ کیے، ان لوگوں نے انہیں کیریئر کے زوال پر نظر انداز کیا۔ایک انٹرویو میں اداکارہ نے معاشرے کے بدلتے رجحانات، اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں اور شوبز انڈسٹری کی منافقت پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی زندگی میں سچے اور اچھے لوگوں کی نسبت برے لوگ زیادہ آئے اور حیرانگی کی بات یہ ہے کہ جن کیلئے انہوں نے عروج کے زمانے میں مفت میں کام کیا، وہی لوگ زوال کے وقت انہیں نظر انداز کرنے لگے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض اوقات وہ کسی کی جانب سے مدد مانگنے پر دوسری جگہ پیسوں یا دوسری چیزوں کا انتظام کرکے دوستوں کی مدد کرتی رہی ہیں۔

(جاری ہے)

متھیرا کے مطابق وہ شروع سے حساس دل رہی ہیں، اس لئے انہوں نے کبھی کسی کو کسی چیز کیلئے منع نہیں کیا، ان سے جب بھی کوئی چیز مانگتا ہے، وہ انہیں منع نہیں کر سکتیں۔ماڈل و اداکارہ نے کہا کہ زوال آنے کے بعد جب انہوں نے عروج میں مفت کام کروانیوالے افراد سے کام مانگا تو وہ بہانے کرنے لگے پھر میں خود ہی ان سے دور ہوگئیں۔انہوں نے کہا کہ میرا ایک بیٹا پیدائشی ہے جبکہ دوسرے بیٹے کو گود لے رکھا ہے اور میں دونوں کو سوشل میڈیا سے دور رکھتی ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں متھیرا نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر پہلے پہل مرد حضرات خواتین کی تعریف کرتے ہیں، ان سے دعا سلام شروع کرتے ہیں، پھر انہیں بہن تک بنا لیتے ہیں اور پھر بعد میں ان سے شادی بھی کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر خود پر ہونے والی تنقید پر زیادہ توجہ نہیں دیتیں۔
وقت اشاعت : 16/07/2021 - 17:05:54

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :