امیتابھ بچن کے بنگلے میں بم کی اطلاع نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں

پولیس نے 2 افراد کو حراست میں لے کر اداکار کے گھر کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی

اتوار 8 اگست 2021 11:15

امیتابھ بچن کے بنگلے میں بم کی اطلاع نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2021ء) معروف اداکار امیتابھ بچن کے بنگلے میں بم کی اطلاع نے ممبئی پولیس کی دوڑیں لگوا دیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کو نامعلوم شخص نے ٹیلی فون کال کے ذریعے اطلاع دی کہ اداکار امیتابھ بچن کے بنگلے اور ممبئی کے تین ریلوے اسٹیشنز پر بارودی مواد نصب کیا گیا ہے تاہم اطلاع دینے والے شخص نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی۔

(جاری ہے)

بارودی مواد کی اطلاع پر جوہو کی مقامی پولیس، انسداد دہشت گردی اسکواڈ، ریلوے پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تلاش شروع کردی جو صبح تک جاری رہی۔ کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد بم کی اطلاع کو غلط قرار دیا گیا۔ تاہم پولیس نے اداکار امیتابھ بچن کے بنگلے کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔جوہو اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر ششی کانت نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے امیتابھ بچن کے بنگلے اور دادر، بائیکولا اور چھترپتی شیواجی ٹرمنس ریلوے اسٹیشنز پر بارودی مواد تلاش کیا لیکن کوئی سراغ نہیں مل سکا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس غلط اطلاع دینے والے شخص کی تلاش میں ہے تاہم اس سلسلے میں دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 08/08/2021 - 11:15:10

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :