انیل کپور کی بیٹی فلم ساز ریا کپور نے شادی کرلی، شادی پہلی تصویر بھی شیئر کر دی

ارجن کپور، جھانوی اور خوشی کپور سمیت کپور خاندان کے دوسرے قریبی افراد کی شادی کی تقریب میں شرکت ، ویڈیو منظر عام پر آگئی

پیر 16 اگست 2021 16:52

انیل کپور کی بیٹی فلم ساز ریا کپور نے شادی کرلی، شادی پہلی تصویر بھی شیئر کر دی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2021ء) بالی وڈ کے مقبول اداکار انیل کپور کی چھوٹی صاحبزادی اور اداکارہ سونم کپور کی بہن فلم ساز ریا کپور نے دیرینہ دوست سے شادی کرلی۔خبریں پہلے ہی تھیں کہ ریا کپور دیرینہ دوست سے 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریا کپور نے دیرینہ دوست فلم ساز کرن بولانی سے 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب شادی کی۔

شادی کی تقریب ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع انیل کپور کے گھر پر منعقد کی گئی، جس میں دونوں خاندانوں کے افراد نے شرکت کی اسی حوالے سے بھارتی میڈیا نے بتایا کہ ریا کپور نے 15 اگست کو شادی کی اور بعد ازاں 16 اگست کو فلم پروڈیوسر نے شریک حیات کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی تصدیق کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ریا کپور نے شادی کے بعد انسٹاگرام اسٹوری پر اپنی سہیلی فیشن ڈیزائنر مسابہ گپتا کی جانب سے شیئر کی گئی ایک تصویر شیئر کی تھی، جس میں خاتون کے پائوں پر مہندی کی سجاوٹ کو دیکھا جا سکتا تھا۔

فلم فیئر کے مطابق مذکورہ تصویر ریا کپور کی اپنی ہی تھی تاہم ان کی تصویر پہلے ان کی سہیلی مسابہ گپتا نے شیئر کی تھی، جسے بعد ازاں انہوں نے بھی شیئر کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریا کپور اور کرن بولانی کی شادی کی تقریبات کا آغاز 14 اگست کی دوپہر کو ہوا تھا اور اسی رات کو دیر گئے دونوں نے سات پھیرے لیے۔بتایاگیا کہ بیٹی کے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد انیل کپور نے خوشی سے گھر کے باہر موجود میڈیا ورکرز میں مٹھائی بھی تقسیم کی۔

ویڈیو میں انیل کپور کے میڈیا ورکرز میں مٹھائی کے پیکٹ تقسیم کرتے ہوئے اور ان سے بیٹی کی اچھی زندگی کیلئے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے انہیں دیکھا اور سنا گیا ویڈیو میں ارجن کپور، جھانوی اور خوشی کپور سمیت کپور خاندان کے دیگر قریبی افراد کو بھی شادی کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ویڈیو میں ریا کپور کی بڑی بہن اداکار سونم کپور کو بھی شوہر آنند آہوجا کے ہمراہ دکھایا گیا۔
وقت اشاعت : 16/08/2021 - 16:52:18

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :