ماں کی گود سے کلمہ سنتے سنتے نچ پنجابن یا بلو کے گھر تک کا سفر پتہ نہیں کس طرح طے کیا

بچوں کی پرورش کے حوالے سے ماوں کے طرز عمل پر ابرار الحق کی تنقید پر ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کا طنزیہ جواب

muhammad ali محمد علی منگل 31 اگست 2021 00:38

ماں کی گود سے کلمہ سنتے سنتے نچ پنجابن یا بلو کے گھر تک کا سفر پتہ نہیں کس طرح طے کیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست2021ء) بچوں کی پرورش کے حوالے سے ماوں کے طرز عمل پر ابرار الحق کی تنقید پر ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کا طنزیہ جواب۔ تفصیلات کے مطابق گلوکار ابرارالحق کی بچوں کے موبائل فون استعمال سے متعلق وائرل ویڈیو پرشوبز ستاروں کے ملے جلے تبصرے سامنے آرہے ہیں۔ کچھ افراد کی جانب سے ابرار الحق کی آجکل کی ماوں پر کی جانے والی تنقید کو درست قرار دیا گیا ہے، جبکہ کچھ کیلئے گلوکار کی تنقید غلط ہے۔

ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کی جانب سے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے ابرار الحق کو طنز و تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ابرار الحق پر طنز کرتے ہوئے نادیہ حسین نے کہا کہ ماں کی گود سے کلمہ سنتے سنتے نچ پنجابن یا بلوکے گھر تک کا سفر پتہ نہیں کس طرح طے کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ اداکارہ زرنش خان نے ابرار الحق پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اچھی بات کرے تو اس کی بات کو اچھا کہیں۔

نہ کہ اس کی بات کو نظر انداز کرکے اس کی پوری زندگی کو پرکھیں۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل تحریک انصاف کے رہنما اور معروف گلوکار ابرار الحق کی جانب سے تحریک انصاف کی حکومت کے 3 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب کے دوران پرانے وقت کی ماوں اور آج کل کے دور کی ماوں کے رویے کا دلچسپ انداز میں موازنہ کیا گیا تھا، جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔



ابرار الحق کی جانب سے کہا گیا کہ پرانے وقت میں مائیں بچوں کو گود میں لے کر کلمہ سناتی تھیں، آجکل بچوں کو موبائل پکڑا دیا جاتا ہے۔ بچپن میں ہم جب اپنی ماں کی گود میں ہوتے تھے تو ہمیں کلمہ سنایا جاتا تھا۔ جبکہ آج کل ماں بچے کے ہاتھ میں موبائل فون دے کر بے بی شارک کا گانا لگا دیتی ہے۔ ابرار الحق کی یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

کئی افراد ویڈیو کو تفریح کا ذریعہ سمجھتے ہوئے خوب لطف اندوز ہوئے، جبکہ کئی افراد نے ابرار الحق کی ویڈیو کو لے کر سنجیدہ بحث کا آغاز کر دیا۔ کئی سوشل میڈیا صارفین کی رائے میں ابرار الحق نے بات تو مذاق کے انداز میں کی، تاہم یہ معاملہ ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکا ہے۔ لوگوں کی رائے میں کم سن بچوں میں موبائل فون کے استعمال کی عادت ایک تشویش ناک بات ہے۔ والدین کو چاہیئے کہ چھوٹے بچوں کو موبائل فون کے استعمال کی عادت ڈالنے کی بجائے انہیں ایسی سرگرمیوں میں مصروف رکھیں جو ان کی بہتر نشونما کا باعث بنیں۔
وقت اشاعت : 31/08/2021 - 00:38:37

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :