الحمداللہ زندہ سلامت ہوں، اور طبعیت بہتری کی طرف گامزن ہے

جو لوگ میرے انتقال کی خبریں چلا رہے ہیں وہ یہ سوچ کر ہی کچھ خوفِ خدا کر لیں کہ ایک دن انہیں بھی جانا ہے۔ کامیڈین عمر شریف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 13 ستمبر 2021 14:10

الحمداللہ زندہ سلامت ہوں، اور طبعیت بہتری کی طرف گامزن ہے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 ستمبر 2021ء) : پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف اس وقت کراچی کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ گذشتہ دنوں عمر شریف کی اسپتال میں زیر علاج ہونے کی کچھ تصاویر وائرل ہوئیں جس کے بعد ان کے انتقال کی خبریں بھی وائرل ہوئیں جنہیں ان کے بیٹے جواد عمر نے مسترد کر دیا تھا۔ تاہم اب مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمر شریف نے اپنے انتقال کی خبروں پر رد عمل دیا اور کہا کہ الحمداللہ زندہ سلامت ہوں اور طبعیت بہتری کی طرف گامزن ہے۔

جو لوگ میرے انتقال کی خبریں چلا رہے ہیں وہ یہ سوچ کر ہی کچھ خوفِ خدا کر لیں کہ ایک دن آپ نے بھی اس دنیا سے جانا ہے۔
انہوں نے ایک اور ٹویٹر پیغام میں کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کا شکر گزار ہو جنہوں نے اپنا پیغام مجھ تک پہنچایا حکومت میرے بیرونی ملک علاج کے لیے جلد از جلد تیاریاں مکمل کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے عمر شریف کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک تصویر نے مداحوں کو افسردہ کر دیا تھا۔ وائرل ہونے والی تصویر میں عمر شریف کو ویل چیئر پر بیٹھے دیکھا گیا۔ انہوں نے داڑھی بڑھائی ہوئی تھی،ان کی آنکھوں کے گرد سیاہ ہلکے موجود اور سر پر ٹوپی پہن رکھی تھی۔ بعد ازاں سینئیر اداکار اور کامیڈین عمر شریف نے وزیراعظم عمرا خان سے علاج کے لیے مدد طلب کی تھی۔

عمر شریف کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ مجھے بہتر علاج کے لیے ملک سے باہر جانا چاہئیے، ڈاکٹرز کے مطابق میرا بہتر علاج امریکہ میں ہو سکتا ہے۔عمر شریف کا کہنا تھا کہ میری قسمت میں لکھا تھا کہ میں نے عمران خان کی شوکت خانم اسپتال کے لیے مدد کی۔انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں عمر شریف جناب وزیراعظم عمران خان سے مخاطب ہوں۔

عمران خان صاحب جب بھی آپ نے کوئی چیز کی ہے آپ نے کوئی چیز کی ہے ، آپ نے مجھے کال کیا ہے میں نے آپ کی آواز پر لبیک کہا ہے اس لیے مجھے بھی یقین ہے کہ آپ بھی میری آواز پر لبیک کہیں گے۔جب کہ معروف صحافی وسیم بادامی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ تصدیق کی جا چکی ہے کہ عمر شریف جس بیماری میں مبتلا ہیں اس کا علاج صرف تین ممالک میں ہو سکتا ہے جن میں امریکا ، جرمنی اور سعودی عرب شامل ہیں۔

لیکن کورونا کی صورتحال کے پیش نظر یہ علاج تاخیر کا سبب بن سکتا ہے تاہم اگر ریاستی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں تو امید ہے کہ ان کا علاج جلد ہو جائے گا۔
جس کے بعد معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعظم آفس ان سے رابطے میں ہے۔ بادامی صاحب (صحافی) سے صبح ہی بات ہو گئی ہے۔

جیسے ہی ہمیں ان سے درکار مزید معلومات ملتی ہیں اس پر فوری کام شروع کر دیا جائے گا۔قبل ازیں شہباز گل نے کہا تھا کہ اداکار عمر شریف کے علاج کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔شہباز گل کا کہنا ہے کہ عمر شریف ملک کا اثاثہ ہے،ان کی طبعیت دیکھ کر دل رنجیدہ ہوا صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں،شہباز گل نے کہا کہ عمر شریف کا پیغام وزیراعظم عمران خان کو کل صبح ہی پہنچا دوں گا۔

انہوں نے بتایا جا رہا ہے کہ عمر شریف کا علاج امریکا،جرمنی ،سعودی عرب میں ہو سکتا ہے۔کل صبح ہی سعودی اور جرمن سفارتخانے سے رابطے کرکے اقدامات اٹھائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کامیڈین کنگ عمر شریف کے علاج کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ و فاقی حکومت نے کامیڈین کنگ عمر شریف کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے آج عمر شریف سے اسپتال میں ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات کے بعد عمران اسماعیل نے بتایا کہ عمر شریف کے علاج کے لئے میڈیکل بورڈ بنا دیا گیا ہے، ڈاکٹرز کی ہدایت پر علاج اندرون ملک یا بیرون ملک کرانا ہے، بورڈ جو کہے گا کریں گے۔ فواد چودھری نے بتایا کہ عمر شریف اسٹیج کے بادشاہ اور قوم کا اثاثہ ہیں، ان کے علاج کےلئے ہر ممکن سہولت دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عمر شریف کی عیادت کے لیے آئے ہیں۔
وقت اشاعت : 13/09/2021 - 14:10:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :