عمر شریف روئے زمین پر ایک ہی ہیں ان کا کوئی نعم البدل نہیں ،سید سردار شاہ

ایئر ایمبولینس تیار ہے ویزا ملتے ہی عمر شریف صاحب امریکہ روانہ ہوجائیں گے،مرتضیٰ وہاب کی آرٹس کونسل میں پریس کانفرنس

بدھ 15 ستمبر 2021 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2021ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے پاکستان کے معروف و نامور اداکار عمر شریف کے علاج کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد آرٹس کونسل آڈیٹوریم 2 میں کیاجس میں صوبائی وزیر ثقافت و تعلیم سید سردار علی شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر نے میڈیا بریفنگ دی ، پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر ثقافت و تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا کہ عمر شریف روئے زمین پر ایک ہی ہیں ان کا کوئی نعم البدل نہیں ،یہ ہمارے فرض میں شامل تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کا ساتھ دیں، ان کی صحت کے لئے دعا گو ہوں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں اور ایک بار پھر اپنے انداز سے لوگوں کو ہنسائیں ،واضح رہے کہ عمر شریف کی طبیعت کی ناسازی کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے محکمہ ثقافت سندھ نے عمر شریف کے علاج معالجے کے لئے 4کروڑ روپئے گرانٹ دینے کا اعلان کیا تھا، پریس کانفرنس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمر شریف اس ملک کا اثاثہ ہیں ، جیسے ہی ہمیں ان کی علالت کی اطلاع ملی ہمارے ذہن میں یہی بات تھی کہ جس شخص نے ہمیں اتنا ہنسایا خوش رکھا ہم انہیں کیسے اکیلا چھوڑدیں، اسی لئے ان کے صاحبزادے جواد عمر کو ہر ممکن مدد کی یقین دہائی کرائی ہے ،ایئر ایمبولینس تیار ہے ویزا ملتے ہی عمر شریف صاحب امریکہ روانہ ہوجائیں گے ویزا کے حصول کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ نے ذاتی طور پر امریکی قونصل خانے سے بات کی ہے جہاں کاغذی کارروائی مکمل ہوچکی ہے ،مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ ہماری دعا ہے کہ عمر شریف جلد روبہ صحت ہوں اور اسی آرٹس کونسل میں ایک بار پھر پرفارم کریں ،پریس کانفرنس کی میزبانی کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے فنکار برادری کو بھی اکیلا نہیں چھوڑا ،جہاں ہم کچھ چیزوں پر تنقید کرتے ہیں وہیں اچھے کاموں کی تعریف بھی کرنی چاہیے ، ماضی میں فنکار امداد کے منتظر رہتے تھے ،اب یہ آوازیں آنا بند ہوگئی ہیں کیونکہ آرٹس کونسل اور سندھ حکومت ہمارے فنکاروں کی دادوسی کے لئے پیش پیش ہے ،عمر شریف اس ملک کا اثاثہ ہیں ،حکومت سندھ نے ان کے علاج کے لئے جو بیٹر اُٹھایا ہے اس کے لئے ان کے شکرگزار ہیں ، احمد شاہ نے مزید کہا کہ میں اور عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ آرٹ اینڈکلچر کے فروغ اور فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے سندھ حکومت نے ہمیشہ آرٹس کونسل کے ساتھ تعاون کیا ہے ، کراچی کے 95فیصد ادیب،شاعر،فنکار،ہمیں ووٹ دیتے ہیں کیونکہ وہ آرٹس کونسل پر اعتماد کرتے ہیں ،پریس کانفرنس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر نے کہا کہ سندھ حکومت کا شکرگزار ہوں کہ اتنی تیزی سے والد کے علاج معالجے کے انتظامات مکمل کرائے، میرے والد کے اندر سے پاکستانیت بولتی ہے انہوں نے ملک کا نام روشن کیا ، لوگ ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ہم ان محبتوں کے لئے مشکور ہیں، جواد عمر نے مزید کہا کہ میرے والد نے زندگی بھر پوری دنیا کو ہنسایا ہے لیکن ان کی اسپتال میں زیر علاج جس قسم کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں یہ ہمارے لئے بہت تکلیف دہ ہیں ،میری درخواست ہے کہ خدارا ان کی وہ تصاویر وائرل نہ کریں ،پریس کانفرنس کے اختتام پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تمام شرکاء سے عمر شریف کی صحتیابی کے لئے دعا کرائی۔

وقت اشاعت : 15/09/2021 - 23:21:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :