نا مور کلاسیکل و غزل سنگر استاد امانت علی خان کی برسی ۱ٓج منائی جائے گی

جمعرات 16 ستمبر 2021 14:07

نا مور کلاسیکل و غزل سنگر استاد امانت علی خان کی برسی ۱ٓج منائی جائے گی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2021ء) نا مور کلاسیکل و غزل سنگر اور پٹیالہ گھرانے کے لیجنڈ استاد امانت علی خان کی47 ویں  برسی آج ( 17 ستمبر بروز جمعہ) منائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق شام چوراسی ہوشیار پور پنجاب کے پٹیالہ گھرانہ سے تعلق رکھنے والے مذکورہ لیجنڈ نے 1922میں بھارت کے صوبے پنجاب کے علاقے شام چوراسی ہوشیار پور میں اختر حسین خان کے ہاں جنم لیاجن کے والد علی بخش جرنیل پٹیالہ گھرانے کے سربراہ تھے۔

استاد امانت علی خان تقسیم برصغیر کے بعد پاکستان آئے اور لاہور میں ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔اپنی شاندار خدمات پر پرائڈ آف پرفارمنس کا اعزاز کرنے والے استاد امانت علی خان جنہوں نے گائیکی کی تربیت اپنے والد سے حاصل کر کے ملی نغموں، غزلوں اور کلاسیکل گیتو ں میں شہرت کی بلندیوں اور مقبولیت کی اعلیٰ منزلوں کو چھوا، نے سینکڑوں کی تعداد میں انتہائی خوبصورت، دلفریب اور روح کو لبھانے والے  نغمے  و غزلیں گائیں جن میں اے وطن پیارے وطن، انشاء جی اٹھو، اے میرے پیارکی خوشبو، یہ آرزو تھی، موسم بدلا، یہ نہ تھی ہماری قسمت،کب آؤ گے، ہونٹوں پہ کبھی ان کے وغیرہ اب بھی زبان زد عام ہیں۔

(جاری ہے)

استاد امانت علی خان کے دو بھائی استاد فتح علی خان اور استاد نزاکت علی خان بھی فن گائیگی میں اپنا نمایاں مقام رکھتے ہیں ۔ان کے بڑے صاحبزادے امجد امانت علی خان جواں سالی میں ہی وفات پا گئے تھے جبکہ ان کے دوسرے صاحبزادے اسد امانت علی خان نے بھی غزل اور کلاسیکل موسیقی میں بڑا نام کمایا مگر وہ بھی 8اپریل 2007کو اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال پا گئے۔ استاد امانت علی خان کی اپنے بھائی استاد فتح علی خان کے ساتھ بنائی گئی جوڑی نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ استاد امانت علی خان 17ستمبر 1974 کو 52سال کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی47 ویں برسی کے موقع پر ان کے پرستار قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا انعقاد کریں گے۔
وقت اشاعت : 16/09/2021 - 14:07:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :