منی لانڈرنگ کیس شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت تمام ملزمان یکم اکتوبر کو فرد جرم کیلئے طلب

جمعرات 16 ستمبر 2021 16:44

منی لانڈرنگ کیس شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت تمام ملزمان یکم اکتوبر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت تمام ملزموں کو یکم اکتوبر کو فرد جرم کیلئے طلب کرلیا، عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت ریفرنس کے دیگر ملزمان احتساب عدالت پیش ہوئے ۔

عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کے پلیڈر کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کردیں۔احتساب عدالت کے جج نسیم احمد وِرک نے شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت تمام ملزموں کو یکم اکتوبر کو فرد جرم کیلئے طلب کرلیا۔عدالت نے شہباز شریف خاندان کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف دائر اعتراضات پر مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے شہباز شریف کے وکلا کو بحث کے لئے یکم اکتوبر کو دوبارہ طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز احتساب عدالت نمبر پانچ میں پیش ہوئے۔محمد نواز چوہدری ایڈووکیٹ نے سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی جس ہر نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھایا کہ ایک ہی روز میں دو مختلف عدالت میں کیسز کی سماعت سے رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت متاثر ہوگی۔ احتساب عدالت کے جج محمد ساجد علی نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے گواہوں کو بھی طلب کرلیا۔