معروف اداکار احسن خان این سی آر سی کے خیرسگالی سفیر مقرر

این سی آر سی کے خیر سگالی سفیر ہونے کا اعزاز حاصل ہونا انکے لئے انتہائی قابل قدر ہے،شوبزسٹار

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 16 ستمبر 2021 17:52

معروف اداکار احسن خان این سی آر سی کے خیرسگالی سفیر مقرر
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 ستمبر 2021ء) : پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے قائم قومی کمیشن برائے حقوق اطفال (این سی آر سی) نے معروف شو بز سٹار احسن خان کو اپنا خیر سگالی سفیر مقرر کردیا ہے۔ معروف شوبز سٹار کی اس تعیناتی کیلئے کمیشن کو یورپی یونین کے اعانت شدہ حقوق پاکستان پراجیکٹ (ایچ ای پی) کے تعاون حاصل ہے۔احسن خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے سفیر مقرر کیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ بچوں کے لیے اس حیرت انگیز اقدام کا حصہ بننے پر فخر ہے۔

۔احسن اقبال کو شوبز انڈسٹری کے دیگر اداکاروں ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ کی جانب سے بھی مبارکباد پیش کی گئی۔
احسن خان کے خیر سگالی سفیر مقرر ہونے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کمیشن کی چیئرپرسن افشاں تحسین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ احسن خان کمیشن کا خیر سگالی سفیر مقرر کرنے سے معاشرے کے مختلف طبقات میں مکالمے کو فروغ دینے اور بچوں کے حقوق کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

کمیشن کی چیئر پرسن نے احسن خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ،آپ ذرائع ابلاغ اور فن کے ذریعے بچوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستان میں بہت سے لوگوں کے لئے طاقور محرک اور اور رول ماڈل ہیں۔ آپ سماجی آگاہی کے لئے بچوں کے ساتھ زیادتی کے مسئلے کو پیش کرنے اور بہت سے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے خصوصی تعریف کے مستحق ہیں۔

اس موقع پر احسن خان نے کہا کہ این سی آر سی کے خیر سگالی سفیر ہونے کا اعزاز حاصل ہونا انکے لئے انتہائی قابل قدر ہے۔ "ہم سب کو اپنے آپ سے پوچھنے کے لیے ایک لمحہ نکالنا چاہیے کہ کیا ہم اپنے بچوں کے ساتھ صحیح سلوک کر رہے ہیں۔ ممکن ہے کہ ہمارے لئے اس سوال کا جواب پریشان کن ، مگر مجھے امید ہے کہ ، ہمارا معاشرہ مجموعی طور پر بچوں کے بنیادی حقوق سے انکار کے خلاف کارروائی کرنے پر ہماری حوصلہ افزائی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے عملی اقدامات ضروری ہیں اور مطمئن ہو کر بیٹھ جانا اب کوئی آپشن نہیں ہے۔
وقت اشاعت : 16/09/2021 - 17:52:53

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :