ایئرایمبولنس کی جانب سے شیڈول رواں ہفتے ملنے کا امکان ہے،جواد عمر

والد کی طبعیت بہتر ہے۔بیرون ملک روانگی کے لیے ایئرایمبولنس کے طریقہ کار پر کام شروع ہوچکا ہے،عمر شریف کے صاحبزادے کی گفتگو

پیر 20 ستمبر 2021 21:17

ایئرایمبولنس کی جانب سے شیڈول رواں ہفتے ملنے کا امکان ہے،جواد عمر
کر اچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) کامیڈی کنگ عمرشریف کے بیٹے جواد عمر نے کہا ہے کہ امریکا روانگی کے لیے ایئرایمبولنس کی جانب سے شیڈول رواں ہفتے ملنے کا امکان ہے۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے اداکار عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے بتایا کہ ان کے والد کی طبعیت بہتر ہے۔بیرون ملک روانگی کے لیے ایئرایمبولنس کے طریقہ کار پر کام شروع ہوچکا ہے اور اگلے دو سے تین روز میں وہاں سے شیڈول آجائے گا۔

ایئرایمبولنس کا ایک طے شدہ ضابطہ ہوتا ہے جس میں یہ شامل ہوتا ہے کہ جن ہوائی اڈوں پر ایندھن بھرنے کے لیے ہیلی کاپٹر اتریگا، وہاں سے اجازت نامہ حاصل کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کراچی سے براہ راست عمر شریف کو واشنگٹن اسپتال لے جایا جائے گا۔ قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی عمر شریف سے پیار کرتے ہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ عمر شریف کی اسپتال کے اندر لی گئی تصاویر نہ لیں اور نہ ہی ان کو وائرل کریں۔

یہ تصاویر بہت ذاتی نوعیت کی ہوتی ہیں۔عمر شریف کے بیٹے نے کہا کہ ان کے والد نے پاکستان سے پیار کیا اور ملک کا نام ہمیشہ بلند کیا۔ جن لوگوں نے عمر شریف کی تصاویر وائرل کیں، اللہ ان کو ہدایت دے۔جواد عمر نے کہا کہ حکومت کا شکرگزار ہیں جنہوں نے عمر شریف کو بیرون ملک بھجوانے کیلیے ہرممکن اقدامات کئے۔امریکا میں ڈاکٹرز مکمل تیار ہیں اور وہ صرف عمر شریف کی موجودگی کا انتظار کررہے ہیں اور روانگی کا شیڈول آتے ہی میڈیا سے بھی شیئر کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے ایئرایمبولینس سروس فراہم کرنے والی کمپنی کو تقریبا 4 کروڑ روپے کی ادائیگی کردی ہے۔ایئرایمبولینس میں عمر شریف کے ساتھ ان کی پہلی اور تیسری اہلیہ، دونوں بیٹے اور طبی عملے کے 2 افراد بھی ساتھ جائیں گے۔عمرشریف امریکا میں 1 ماہ قیام کریں گے اور ان کا علاج واشنگٹن اسپتال میں ہوگا۔
وقت اشاعت : 20/09/2021 - 21:17:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :