عمرشریف کی عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں تدفین کردی گئی، نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت

بدھ 6 اکتوبر 2021 21:28

عمرشریف کی عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں تدفین کردی گئی، نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2021ء) پاکستان کے نامور فنکار اور کامیڈین عمر شریف کی عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں تدفین کردی گئی۔عمر شریف کی نمازِ جنازہ مولانا بشیر فاروقی نے پڑھائی، نمازجنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، صوبائی وزیر سعید غنی، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب، مولانا تنویر الحق تھانوی، فیصل ایدھی، چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال، پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، پی ایس پی رہنما انیس قائم خانی، ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ کے علاوہ سیاسی، سماجی تنظیموں کے رہنماں، شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

عمر شریف کی میت کو نمازِ جنازہ کے لیے ان کی گلشنِ اقبال میں واقع رہائش گاہ سے عمر شریف پارک کلفٹن منتقل کیے جانے کے موقع پر عمر شریف کے مداح، عزیر و اقارب بڑی تعداد میں ان کی رہائش گاہ پر موجود تھے جو میت کے ہمراہ جنازہ گاہ آئے۔

(جاری ہے)

نمازِ جنازہ کے بعد عمر شریف کی میت کو سپردِ خاک کرنے کے لیے صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار لایا گیا، میت کی منتقلی کے موقع پر بلاول چورنگی سے ضیا الدین اسپتال جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا۔ادھر اداکارہ شیبا بٹ، گلوکارہ شازیہ کوثر اور دیگر شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کراچی میں واقع عمر شریف کی رہائش گاہ پہنچیں، جہاں انہوں نے مرحوم اداکار کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔

وقت اشاعت : 06/10/2021 - 21:28:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :