رومانیہ کے گلوکار ایڈرین سینا کا اپنی چھٹیاں وادی ہنزہ میں گزارنے کا اعلان

ہنزہ میں چھٹیاں گزارنے کا مقصد دنیا کو بتانا ہے پاکستان کتنا محفوظ اور خوبصورت ملک ہے، گلوکار

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 11:53

رومانیہ کے گلوکار ایڈرین سینا کا اپنی چھٹیاں وادی ہنزہ میں گزارنے کا اعلان
بخارسٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) رومانیہ کے میوزک بینڈ ’ایکسنٹ‘ کے معروف گلوکار ایڈرین سینا نے اپنی چھٹیاں پاکستان کی خوبصورت وادی ’ہنزہ‘ میں گزارنے کا اعلان کردیا ہے۔ایکسنٹ کے نام سے مشہور گلوکار ایڈرین سینا پاکستان کے مختلف شہروں میں متعدد کنسرٹ کر چکے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر اکثر پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی کوششیں کرتے رہتے ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایڈرین سینا نے لکھا ہے کہ میں نے اپنی چھٹیاں پاکستان کی وادی ہنزہ میں گزارنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ میں دنیا کو بتا سکوں کہ پاکستان کس قدر محفوظ اور خوبصورت ملک ہے۔ایڈرین سینا نے ویڈیو میں کہا کہ میں ایک بار پھر پاکستان کے لوگوں سے مل کر خوشی محسوس کروں گا۔

(جاری ہے)

گلوکار کی ٹوئٹ پر پاکستانی مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنے اپنے انداز میں خوش آمدید کہا ہے۔

ایڈرین سینا نے نیوزی لینڈ اور انگلیڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے سکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ میں کئی بار پاکستان آچکا ہوں اور مجھے یہاں ہمیشہ اپنے گھر جیسا محسوس ہوتا ہے۔گلوکار کا کہنا تھا کہ میں پاکستان میں خود کو محفوظ سمجھتا ہوں اور یہاں کے لوگوں کا میرے لیے پیار لاجواب ہے، میں مستقبل میں بھی پاکستان آیا کروں گا، میں اپنے پاکستانی مداحوں سے محبت کرتا ہوں۔اس سے قبل ایڈرین سینا نے یورپ میں ایک فیسٹیول کے دوران پاکستانی کرتا پہن کر کے پاکستانیوں کے دل جیت لئے تھے۔
وقت اشاعت : 16/10/2021 - 11:53:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :