پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت پر شوبز اداکاروں کا بھی خوشی کا اظہار

قومی ٹیم نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہمیں فخر ہے، ہمایوں سعید ، مہوش حیات ،حرامانی

پیر 25 اکتوبر 2021 16:49

پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت پر شوبز اداکاروں کا بھی خوشی کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء) پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت پر شوبز اداکاروں نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے بھارت کو یک طرفہ مقابلے میں شکست کے بعد جہاں پورے پاکستان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی وہیں فنکاروں کی بھی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا اور قومی ٹیم کو شوبز اداکاروں کی جانب سے ڈھیروں مبارکباد کے پیغام دیے گئے۔

مشہور اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ یہ کوئی عام جیت نہیں، میں گزشتہ ایک ہفتے سے سن رہا تھا کہ پاکستان یہ میچ نہیں جیت سکے گا تاہم قومی ٹیم نے سب کو غلط ثابت کردیا۔مہوش حیات نے کہا کہ قومی ٹیم نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مجھے فخر ہے اور اس جیت کے لیے کئی دنوں سے سب انتظار کررہے تھے تاہم اب ورلڈ کپ ٹرافی گھر آنی چاہیے۔

(جاری ہے)

حرامانی نے انسٹاگرام پر کہا کہ ہم جیت گئے پاکستان زندہ باد، بابر اعظم تم تو ہیرو نکلے یار۔

بھارت کی ہار پر عدنان صدیقی کی جانب سے میم شئیر کرائی گئی جس میں نریندر مودی ویرات کوہلی سے پوچھ رہے ہیں کہ کتنے آدمی ہیں۔گلوکار و اداکار علی ظفر نے قومی ٹیم کی جیت کے بعد سڑکوں پر خوشیاں منانے کے مناظر شیئر کیے اور کہا کہ ان کے چہرے پر مسکراہٹ اور خوشی دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ماہرہ خان نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے بہت فخر ہے۔

گلوکار فرحان سعید نے کہا کہ مبارک ہو پاکستان، باؤلنگ سے بیٹنگ اور کیچنگ تک سب کچھ بے عیب تھا۔اداکار زاہد احمد نے کہا کہ مبارک ہو، کھلاڑیوں نے زبردست پرفارمنس دکھائی۔گلوکار عاصم اظہر نے مزاحیہ انداز میں ٹوئٹ کی کہ ٹی وی ٹوٹ رہے ہیں آج لیکن پڑوس میں، مذاق کررہا ہوں، کوئی نہیں گیم ہے، ہار جیت ہوتی رہتی ہے لیکن 10 وکٹس سی ،ایک اور ٹوئٹ میں عاصم اظہر نے بھارتی میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس ورلڈ کلاس ٹیم ہے اس میں کوئی شک نہیں لیکن یہ آپ کے اوور کنفیڈنس کا سبق ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ غرور کا سر ہمیشہ نیچے ہوجاتا ہے، برائے مہربانی اتنا اوور نہ ہوا کریں، ہم سے سیکھ لیں، جب ہارتے ہیں تب بھی شائستگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور جیت کے بھی۔
وقت اشاعت : 25/10/2021 - 16:49:06

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :