’’ایک ہے نگار‘‘ میں گلوکار ہارون شاہد نے اپنی آواز کا جادو جگایا

پونے دو گھنٹے دورانیے کی فلم میں لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو دکھایا گیا ہے

منگل 26 اکتوبر 2021 11:32

’’ایک ہے نگار‘‘ میں گلوکار ہارون شاہد نے اپنی آواز کا جادو جگایا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بنائی گئی ٹیلی فلم میں جہاں ماہرہ خان اور بلال اشرف کی اداکاری کے چرچے ہیں وہیں مداحوں کی جانب سے اس میں شامل کیے گئے 2 گانوں کو بھی بے حد پسند کیا گیا ہے۔ٹیلی فلم ’ایک ہے نگار‘ میں 2 گانے ’پیار تیرا‘ اور ’روز میری قبر توں‘ شامل ہیں جنہیں اداکار و گلوکار ہارون شاہد نے گایا ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں ’پیار تیرا‘ کو الگ سے ریلیز کیے جانے سے متعلق بتاتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا کہ اس ٹیلی فلم میں انہوں نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ہارون شاہد نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ میں بہت خوش ہوں کہ اپنے ایکٹنگ کیریئر کے دوران مجھے اپنے شوق کوبھی ساتھ لے کر چلنے کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

نہوں نے خود پر بھروسہ کرنے پر ماہرہ خان کا شکریہ ادا کیا اور گانے کی موسیقی ترتیب دینے پر عباس علی خان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

’پیار تیرا‘ میں گلوکارہ لالہ رخ کی آواز بھی شامل ہے، ہارون شاہد نے ٹیلی فلم کی شریک پروڈیوسر نینا کاشف کا بھی شکریہ ادا کیا۔اس کے علاوہ ہارون شاہد نے اسی ٹیلی فلم کا ایک اور گانا بھی گایا ہے تاہم اب تک اس کی مکمل ویڈیو الگ سے ریلیز نہیں کی گئی۔ہارون شاہد نے اس گانے کا مختصر کلپ شیئر کیا تھا جو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے اور اسے بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔

گزشتہ ماہ ایک پوسٹ میں ہارون شاہد نے ماہرہ خان کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ورنہ‘ فلم کی شوٹنگ کے دوران کیا گیا وعدہ پورا کرنے کے لیے انہوں نے کچھ عرصہ قبل مجھے کال کی تھی۔ہارون شاہد نے کہا تھا کہ وعدہ یہ تھا کہ ماہرہ اپنے پروجیکٹ کی موسیقی پر کام کرنے کا موقع دیں گی۔انہوں نے بتایا تھا کہ ’ایک ہے نگار‘ سے مجھے یہ موقع ملا ہے اور میں ماہرہ سے اور آپ سب سے 2 گانے شیئر کروں گا جو میرے دل سے بہت قریب ہیں۔

’ایک ہے نگار‘ کو نجی چینل پر 23 اکتوبر کی شب رات 8 بجے نشر کیا گیا تھا جس کی کہانی معروف ڈراما رائٹر عمیرہ احمد نے لکھی ہے جبکہ اسے ماہرہ خان اور نینا کاشف کے پروڈکشن ہاؤس سول فرائے نے پروڈیوس کیا ہے۔پونے دو گھنٹے دورانیے کی فلم میں لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو دکھایا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 26/10/2021 - 11:32:13

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :