ریڈیو پاکستان لاہور کے پروگرام فن اور فن کار میں گلوکار سلیم رضا کی فنی خدما ت پر پہلا پروگرام نشر

بدھ 3 نومبر 2021 16:46

ریڈیو پاکستان لاہور کے پروگرام فن اور فن کار میں گلوکار سلیم رضا کی فنی خدما ت پر پہلا پروگرام نشر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2021ء) ریڈیو پاکستان لاہور کے پروگرام فن اور فن کار میں گلوکار سلیم رضا کی فنی خدما ت پر پہلا پروگرام نشر کیا گیا جس کے میزبان ڈاکٹر امجد پرویز اور مدثر قدیرتھے۔پروگرام کے آغاز میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد پرویز نے کہا کہ  سلیم رضا نے اپنے فنی سفر کا آغاز ریڈیو پاکستان لاہور سے کیا اور فلموں میں ان کی آمد1955 میں ہوئی ان کا پہلا گیت فلم نوکر کے لیے ریکارڈہوا مگر اسی سال بننے والی فلم قاتل کے گیتوں نے ان کی گلوکاری کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا ،اور 1957 میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی فلم سات لاکھ کے گیت یارو مجھے معاف رکھو ان کی فنی پختگی کی معراج سمجھا جاتا ہے۔

سلیم رضا 1932 میں امرتسر میں پیدا ہوئے جبکہ ان کا انتقال 25نومبر 1983 کو کینیڈا میں ہوا۔

(جاری ہے)

پروگرام کی خاص بات اس میں شامل ادب اور شو بز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی لائیو گفتگو تھی جس میں انہوں نے سلیم رضا کی گائیکی کو پاکستانی فلمی صنعت کی پہچان قرر دیا  ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے لیجنڈ گلوکار استاد بدر الزمان نے کہا کہ سلیم رضا پاکستانی فلمی صنعت کا اہم ستون اور تایخ ساز شخصیت تھے ،فلم بیداری کا گیت ہو یاپھر نعت ۖ شاہ مدینہ، ماسٹر عنایت کی موسیقی میں ترتیب دیا فارسی گیت جان بہاراں اور پھر رشید عطرے کا حسن کا چاند یہ سب ہماری موسیقی کی تاریخ کا اہم حصہ تصور کیے جاتے ہیں۔

،میرا سلیم رضا سے بڑا گہرا تعلق تھا انسان کی زندگی میں اتار چڑھا تو آتے ہیں مگر میں نے اسے ہمیشہ مستقل مزاج پایا مجھے اس کے جانے کا بہت دکھ ہواجبکہ شاعر،مدیر اور سلیم رضا کے دیرینہ دوست ڈاکٹر کنول فیروز نے کہا کہ میراا ن سے تعلق 50  کی دہائی سے بنا ، انہوں نے میری کئی غزلیں ریڈیو پاکستان کے لیے ریکارڈ کرائیں میں اور سلیم رضا اپنا زیادہ وقت بیڈن روڈ کے چائے خانہ میں گزارتے تھے ااور جن دنوں میری رہائش ریڈیو پاکستان لاہور کے سامنے بی بی پاک دامن میں تھی تو وہ اکثر میری رہائش گاہ پر بھی آجاتے تھے جہاں چائے موسیقی اور شاعری کا دور چلتا تھا ۔

اس موقع پر دوران گفتگو لیجنڈ نشو بیگم نے سلیم رضا کی گائیکی کو پاکستان فلم انڈسٹری کے ابتدائی عشرے کی لازوال سر لے سے مزین آواز قرار دیا ، جبکہ گلوکار عنایت عابد سلیم رضا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں خود سلیم رضا کی گائیکی کا معترف ہوں۔ انہوں نے جو گیت بھی گایا اس کی الگ پہچان ہے وہ اپنی طرز گائیکی کے خود ہی خاتم تھے ان کا خلا آج تک پورا نہیں ہوسکا۔
وقت اشاعت : 03/11/2021 - 16:46:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :