اداکارہ ماہرہ خان کی نانی انتقال کر گئیں

جمعرات 2 دسمبر 2021 21:09

اداکارہ ماہرہ خان کی نانی انتقال کر گئیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2021ء) ماہرہ خان نے اپنی نانی کے انتقال کی اطلاع گزشتہ شب انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دی اور نانی کے ہمراہ چند یادگار تصاویر بھی شیئر کیں۔ماہرہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ان کی نانی کا انتقال جمعرات کی سہ پہر ہوا، ان کے لیے ماہِ نومبر کافی مشکل رہا، کبھی بہت تکلیف دہ لیکن اکثر اوقات خوبصورت۔

ماہرہ نے بتایا کہ ان کی نانی نے 5 سال کی عمر میں اپنی ماں کو کھو دیا تھا مگر وہ اپنی فیملی کیلئے زندہ رہیں۔ماہرہ خان نے اپنی مرحوم نانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہانی سنانے میں ماہر، ساڑھی زیب تن کرنے میں نفیس، بے حد خود مختار، اپنی صحت کا خیال رکھنے والی، دوسروں کی باتیں دھیان لگاکر سننے والی، پیار کرنے والی ماں اور اظہارِ خیال کرنے والی انسان تھیں۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے بتایا کہ میری نانی سے جو بھی ملتا تھا وہ خود کو خاص محسوس کرتا تھا، انہیں بھولنے کی بیماری تھی، وہ اکثر نام اور لوگوں کو ایک دوسرے سے ملا دیتی تھیں لیکن ایک چیز جو وہ کبھی نہیں بھولیں وہ اپنی اور نانا کی محبت بھری کہانی تھی، میرے نانا کا انتقال 32 برس قبل ہوگیا تھا لیکن پھر بھی نانی نے انہیں ہمیشہ یاد رکھا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نانی کے ساتھ گزارے ہر وقت پر فخر محسوس کرتی ہوں۔کیپشن کے آخر میں ماہرہ نے مداحوں سے اپنی نانی کی مغفرت کی دعا کے لییاپیل بھی کی۔
وقت اشاعت : 02/12/2021 - 21:09:09