کینسر سے بچنے پر کبریٰ خان خدا کی شکر گزار

سال کی عمر میں پہلا فوٹوشوٹ برطانیہ میں کروایا،’صنف آہن‘ کے کرداروں کی کہانیاں حقیقی واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہیں، اداکارہ

ہفتہ 18 دسمبر 2021 14:59

کینسر سے بچنے پر کبریٰ خان خدا کی شکر گزار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2021ء) مقبول اداکارہ کبریٰ خان نے انکشاف کیا ہے کہ رواں برس جنوری میں برطانوی شہر لندن میں میرا آپریشن ہوا تھا اور خدا کے فضل سے میں موذی مرض کینسر کا شکار ہونے سے بچ گئی۔کبریٰ خان نے حال ہی میں شوبز ویب سائٹ ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں شوبز کیریئر اور اپنے کرداروں سمیت اپنی جسامت اور بولڈ لباس پر ہونے والی تنقید پر کھل کر باتیں کیں۔

کبریٰ خان نے بتایا کہ انہوں نے 16 سال کی عمر میں نوکری کا آغاز کیا، کیوں کہ اس وقت ان کے والد میں ڈیمنشیا کے مرض کی تشخیص ہوئی، جو دماغی خلل کا ایک مرض ہے۔اداکارہ نے بتایا کہ والد میں ’ڈیمینشیا‘ کے مرض کی تشخیص سے قبل ان کا ’اپینڈکس‘ کا آپریشن بھی ہوا تھا اور وہ مرتے مرتے بچی تھیں۔

(جاری ہے)

کبریٰ خان کے مطابق والد کے بیمار پڑنے کے بعد انہوں نے لندن میں ہی ایک دکان پر گرافکس ڈیزائنر کے طور پر کام کیا اور وہیں کام کرتا دیکھ کر انہیں ایک شخص نے ماڈلنگ کی پیش کش کی اور 17 سال کی عمر میں انہوں نے پہلا فوٹوشوٹ برطانیہ میں کروایا۔

اداکارہ نے بتایا کہ پہلا فوٹوشوٹ کروانے کے کچھ عرصے بعد ان سے ڈائریکٹر عدنان قاضی نے رابطہ کیا اور ’سوچ دی بینڈ‘ نامی میوزیکل گروپ کے گانے ’ہمیشہ‘ میں انہیں کام کرنے کی پیش کش کی۔کبریٰ خان کے مطابق ’ہمیشہ’ گانے میں کام کرنے کے بعد انہوں نے کچھ عرصہ فاطمہ اور احمد علی بٹ کے ساتھ میوزیکل شو میں کام کیا، جس کے بعد ان سے فلم ساز نبیل قریشی نے فیس بک پر رابطہ کیا اور فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ نبیل قریشی سے بات چیت بعد وہ فلم کی شوٹنگ کیلئے لندن سے پاکستان آئیں اور انہوں نے پہلی فلم ’نامعلوم افراد‘ سے کیریئر کا آغاز کیا۔کبریٰ خان نے بتایا کہ حال ہی میں نشر ہونے والے فوجی ڈراما ’صنف آہن‘ کے کرداروں کی کہانیاں حقیقی واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ جلد ہی ان کا ایک اور میگا کاسٹ ڈراما ’سنگ ماہ‘ بھی ریلیز ہوگا، جس میں ان کے ساتھ عاطف اسلم سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

انٹرویو کے دوران کبریٰ خان نے انکشاف کیا کہ سال 2020 میں کورونا کی وبا آنے کے باعث وہ زیادہ تر گھر پر رہیں اور جب 2021 کے شروع میں لندن گئیں تو ان کے جسم پر ’گِلٹی‘ نکل آئی اور ان کا ہنگامی بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔کبریٰ خان نے بتایا کہ ’گِلٹی‘ کو دیکھنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں بتایا کہ ممکنہ طور پر انہیں کینسر ہے، تاہم اس کی تصدیق آپریشن اور ’بائیوپسی‘ ٹیسٹ کے بعد ہوگی۔

اداکارہ کے مطابق ہنگامی بنیادوں پر ان کا آپریشن کرکے ’گِلٹی‘ کو نکال دیا گیا اور خدا کا شکر ہے کہ ٹیسٹ میں کینسر کی تشخیص نہیں ہوئی۔انہوں نے موذی مرض سے بچنے پر خدا کا شکر ادا کیا اور کہا کہ وہ زندگی دینے والے مالک کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہیں، کیوں کہ وہ ایک موذی مرض کا شکار ہوتے ہوتے بچیں۔
وقت اشاعت : 18/12/2021 - 14:59:39

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :