میرل اسٹریپ کو دیکھ کر اداکاری کا شوق ہوا، اٴْشنا شاہ

کوشش کرتی ہوں ڈراموں میں بیرون ملک رہنے والے پاکستانی کا کردار بھی ایسے ادا کریں کہ اس کردار سے ہی واضح ہو کہ وہ پاکستانی ہے

منگل 21 دسمبر 2021 11:59

میرل اسٹریپ کو دیکھ کر اداکاری کا شوق ہوا، اٴْشنا شاہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 دسمبر2021ء) اداکارہ اٴْشنا شاہ نے کہا ہے کہ اگرچہ ان کی والدہ اور بڑی بہن بھی اداکاری کرتی رہی ہیں مگر انہیں ہولی وڈ کی سپر اسٹار میرل اسٹریپ کو دیکھ کر اداکاری کا شوق ہوا۔میرل اسٹریپ کا شمار ہر دور کی بولڈ اور بہترین اداکارائوں میں ہوتا ہے، وہ 70 اور 80 کی دہائی کی اولین اداکارائوں میں سے ایک ہیں۔

اٴْشنا شاہ نے حال ہی میں ’وی او اے اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ان کا بچپن اور زندگی کا زیادہ تر حصہ کینیڈا میں گزرا، جس وجہ سے ابتدائی طور پر انہیں شوبز میں اردو ٹھیک انداز میں نہ بول پانے کی وجہ سے مسئلہ بھی ہوا۔اداکارہ کے مطابق انہوں نے اب تک اپنے کیریئر کے 20 فیصد کردار منفی نبھائے ہیں، تاہم حیران کن طور پر انہیں برے کردار ادا کرنے پر بھی سوشل میڈیا پر گالیاں دی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

اشنا شاہ نے کہا کہ انہیں ان کے لباس، بیانات اور کرداروں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، یہاں تک کہ اگر وہ ساڑھی کے ساتھ تصویر شیئر کردیں اور انہوں نے دوپٹہ نہ پہن رکھا ہو تب بھی انہیں گالیاں دی جاتی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں سینیئر اداکار قوی خان کے ساتھ کام کرنے کی شدید خواہش ہے جب کہ وہ اپنی بہترین دوست کبریٰ خان کے ہمراہ بھی کام کرنا پسند کریں گی۔

اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں اس تاثر کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے کہ جو امیر ہے، اسے انگریزی آتی ہوگی اور جو بولڈ لباس پہنتا ہے وہ خراب ہوتا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کرتی ہیں کہ ڈراموں میں بیرون ملک رہنے والے پاکستانی کا کردار بھی ایسے ادا کریں کہ اس کردار سے ہی واضح ہو کہ وہ پاکستانی ہے۔
وقت اشاعت : 21/12/2021 - 11:59:35

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :