شرمیلا فاروقی کا نادیہ خان کے خلاف کارروائی کا اعلان

فنکار برادری سخت محنت طلب کام کرتے ہیں مگر نادیہ خان کا رویہ ناقابل برداشت تھا

جمعرات 20 جنوری 2022 12:25

شرمیلا فاروقی کا نادیہ خان کے خلاف کارروائی کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے والدہ انیسہ فاروقی کے ساتھ نامناسب انداز میں ویڈیو بنانے کے معاملے پر اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔نادیہ خان کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی کی والدہ کے ساتھ چند دن قبل اداکارہ صبور علی اور علی انصاری کی شادی کے دوران ویڈیو بنائی گئی تھی، جو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جہاں دیگر لوگوں نے نادیہ خان پر تنقید کی، وہیں شرمیلا فاروقی نے بھی ان کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا۔شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے رویے کو سستی شہرت کا طریقہ قرار دیتے ہوئے ان کے لیے سخت الفاظ بھی استعمال کیے۔

(جاری ہے)

شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ نادیہ خان کو ایک عمر رسیدہ خاتون کے ہمراہ نامناسب انداز میں ویڈیو بنانے سے قبل کچھ شرم کرنا چاہیے تھا، انہیں سستی شہرت کے لیے ایسا رویہ نہیں اختیار کرنا چاہیے تھا۔

رکن سندھ اسمبلی نے بتایا کہ انہوں نے والدہ کے ہمراہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نادیہ خان کو مسییج بھی کیا، جس پر میزبان نے انہیں بتایا کہ انہوں نے کوئی غلط ویڈیو نہیں بنائی اور نہ ہی انہوں نے کوئی نامناسب سوال پوچھا ہے، اس لیے ان کے خلاف واویلا بند کیا جائے۔شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میزبان ان کی والدہ کے بجائے کسی اور خاتون کے ساتھ بھی ایسی ویڈیو بناتیں تو بھی ان کے خلاف ایکشن لیتیں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا تھا کہ وہ شوبز کے لوگوں کی بہت عزت قدر کرتی ہیں، فنکار برادری سخت محنت طلب کام کرتے ہیں مگر نادیہ خان کا رویہ ناقابل برداشت تھا، کیوں کہ ان کی والدہ اس وقت مشکل وقت سے گزر رہی ہیں۔شرمیلا فاروقی کے مطابق تین ماہ قبل ہی ان کے والد انتقال کر گئے تھے اور ان کی عمر رسیدہ والدہ شوہر کی وفات کے بعد پہلی بار کسی شادی کی تقریب میں گئی تھیں مگر نادیہ خان نے ان کے ساتھ میک اپ کے معاملے پر نامناسب انداز میں ویڈیو بنائی۔شرمیلا فاروقی نے اعلان کیا کہ وہ نادیہ خان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی، وہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) کے سائبر کرائم کو تحریری درخواست دیں گی جب کہ انہیں عدالت سے بھی رجوع کرنا پڑا تو بھی وہ پیچھے نہیں ہٹیں گی۔
وقت اشاعت : 20/01/2022 - 12:25:22

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :