شرمیلا فاروقی کا والدہ کی ٹرولنگ پر نادیہ خان کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

جمعرات 20 جنوری 2022 19:50

شرمیلا فاروقی کا والدہ کی ٹرولنگ پر نادیہ خان کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے والدہ انیسہ فاروقی کی ٹرولنگ کرنے پر ٹیلی وژن میزبان نادیہ خان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کردیا۔ اداکارہ صبور علی اور علی انصاری کی شادی کے موقع پر نادیہ خان نے انیسہ فاروقی کے ساتھ ویڈیو بنائی جس میں وہ رکن سندھ اسمبلی کی والدہ سے ٹرولنگ کرنے کے انداز میں سوالات کر رہی تھیں۔

شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ اس سوالات و جوابات پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد نادیہ خان پر نہ تنقید کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ادھر والدہ کے ساتھ نامناسب انداز میں بنائی گئی اس ویڈیو پر شرمیلا فاروقی نے بھی سخت ردِ عمل دیا اور کہا کہ وہ ٹیلی ویڑن میزبان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔

(جاری ہے)

مقامی ویب سائٹ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہاکہ میں نے نادیہ خان کو پیغام دیا اور کہا کہ ایسا کرکے آپ نے بے شرمی کی انتہاء کردی۔

انہوں نے کہا کہ میری والدہ سادہ خاتون ہیں، انہوں نے تین ماہ قبل اپنے شوہر کو کھویا ہے، وہ ان کے بغیر جینے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس کرنے کو کچھ ہے نہیں، تو آپ ایسی ویڈیوز بناکر ریٹنگ اور شہرت چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ کی جگہ کوئی اور بھی ہوتا تو وہ ایسا ہی اقدام اٹھاتیں۔ شرمیلا فاروقی نے بتایا کہ وہ اس معاملے کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے سربراہ کے سامنے اٹھانے والی ہیں اور وہ باضابطہ طور پر انہیں اس معاملے کے بارے میں تحریر کرنے جارہی ہیں جبکہ وہ اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آپ صرف اپنی سستی شہرت کے لیے کسی کی بے عزتی کرنے کے لیے عورت یا حتیٰ کہ مرد کا بھی استعمال نہیں کرسکتے۔ شرمیلا فاروقی نے یہ بھی کہا کہ میں اس عورت کا مقابلہ کرنے جارہی ہوں، اور اگر اس کے لیے کورٹ میں درخواست بھی دینی پڑی تو دیں گی۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 20/01/2022 - 19:50:14