ہر کسی کی مرضی ہے وہ جب شادی کرے، زرنش خان

کم عمری کی شادی کے حق میں بیان دیا تو خواتین پیچھے پڑ گئیں‘اداکارہ

منگل 1 فروری 2022 13:17

ہر کسی کی مرضی ہے وہ جب شادی کرے، زرنش خان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2022ء) اداکارہ زرنش خان نے ایک بار پھر کم عمری میں شادی کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ دن قبل دیے گئے ان کے بیان کے بعد خواتین ان کے پیچھے پڑ گئیں۔زرنش خان نے گزشتہ ہفتے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی شادی 17 برس کی عمر میں ہوئی تھی اور وہ کم عمری میں شادی کرنے حق میں ہیں۔اداکارہ نے ’دی کرنٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کا ذاتی خیال ہے کہ کم عمری میں شادی کرنے والے افراد جلد اچھی زندگی گزارنے لگتے ہیں، کیوں کہ وہ ایسی عمر میں ہوتے ہیں کہ وہ ہر طرح کے حالات میں ڈھل جاتے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ کم عمری کی شادی اچھی اور کامیاب ہوتی ہے۔اسی انٹرویو میں اداکارہ نے کامیاب شادی کا راز بھی بتایا تھا اور کہا تھا کہ سچائی، ایمانداری اور صبر سے شادیاں کامیاب ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے مذکورہ بیان کے بعد انسٹاگرام پر مختصر وضاحتی ویڈیو جاری کی اور ایک بار پھر انہوں نے کم عمری کی شادی کی حمایت کی اور ساتھ ہی دوبارہ بھی واضح کیا کہ لازمی نہیں ہے کہ دوسرے لوگ بھی ان کی سوچ سے سہمت ہوں۔

زرنش خان نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو میں وضاحت کی کہ دنیا میں بہت ساری سوچیں، بہت سارے مسئلے اور ان کے حل موجود ہیں، لازمی نہیں کہ ہر مسئلے کو ایک ہی طریقے سے حل کیا جائے اور ہر کوئی ایک جیسی ہی سوچ رکھے۔انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ کم عمری میں شادی سے لوگ جلد سیٹل ہوجاتے ہیں اور انہوں نے یہ بات صرف خواتین کے لیے نہیں کہی تھی۔
وقت اشاعت : 01/02/2022 - 13:17:40

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :