میں اپنے لکھے ہوئے کی حفاظت کرتا ہوں تو لوگ مجھے بدلحاظ سمجھتے ہیں ‘ خلیل الرحمان قمر

جو میرا لکھا ہوا سمجھنے کی اہلیت نہیں رکھتے میں ان کیلئے لکھتا بھی نہیں ‘نامور رائٹر و ڈائریکٹر

ہفتہ 5 فروری 2022 14:43

میں اپنے لکھے ہوئے کی حفاظت کرتا ہوں تو لوگ مجھے بدلحاظ سمجھتے ہیں ‘ خلیل الرحمان قمر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2022ء) نامور رائٹر و ڈائریکٹر خلیل الرحمان قمرنے کہا ہے کہ میں اپنے لکھے ہوئے کی حفاظت کرتا ہوں تو لوگ مجھے بدلحاظ سمجھتے ہیں ،لیکن کوئی کیا کہتا اور سوچتا ہے مجھے کسی کی کوئی پرواہ نہیں ،میں اپنے اوپر ہونے والی تنقید کو تنقید نہیں بلکہ حسد سمجھتا ہوںاور مجھے ایسے لوگوں پر ترس آتا ہے ،میں ایسے لوگوں کو بیمار کہتا ہوں اور بیماروں کی صحتیابی کے لئے دعا کرنی چاہیے۔

ایک انٹر ویو میںخلیل الرحمان قمر نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ میرے ڈائیلاگز میں لفاظی بہت زیادہ ہوتی ہے ان سے اتنا ہی کہنا چاہوں گا کہ میں تو عام حالات میں عامیانہ بات نہیں کرتا تو لکھتے ہوئے کیسے کروں گا اگر کسی میں میرا ڈائیلاگز کوسمجھنے کی اہلیت نہیں ہے اور وہ سمجھتا ہے کہ یہ ڈائیلاگ نہیں لفاظی ہے تو وہ دراصل اپنی کم عقلی کو کوس رہا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

صاف سی بات ہے جو میرا لکھا ہوا سمجھنے کی اہلیت نہیں رکھتے میں ان کے لیے لکھتا بھی نہیں ۔اپنے سکرپٹ کے حوالے سے انہوںنے کہا کہ جہاں تک میرے لکھے ہوئے میں تبدیلی کی بات ہے تو کسی کی جرات نہیں کہ وہ میرے لکھے ہوئے میں تبدیلی کرے۔ اگر اداکاراس قابل ہیں کہ وہ لکھ سکتے ہیں تو وہ لکھیں میں ایکٹنگ کر لیتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بد نصیبی نہیں تو اور کیا ہے کہ ایک آدمی جو اپنے لکھے ہوئے اسکرپٹ کی حفاظت کرے تو اس کو بد لحاظ کہا جائے۔ میری لائنیں شاعرانہ ہوتی ہیں ان کا زرا سا بھی ردھم توڑ دیا جائے تو سین کا بیڑا غرق ہوجاتا ہے لہٰذامجھے غصہ دکھانا پڑتا ہے اب اس غصے کو جو بھی نام دے دیں،میں کسی کے کام میں مداخلت نہیں کرتا ہاں اپنے کام میں مداخلت کرتا ہوں۔
وقت اشاعت : 05/02/2022 - 14:43:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :