مشہور کنوارے اداکار جارج کلونی کی آخرکار شادی ہو گئی

اتوار 28 ستمبر 2014 13:20

مشہور کنوارے اداکار جارج کلونی کی آخرکار شادی ہو گئی

وینس(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28ستمبر۔2014ء)ہالی وڈ سٹار جارج کلونی نے وینس میں اپنی منگیتر لبنان کی امل علم الدین سے شادی کر لی ہے۔ اس شادی کا عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ کئی مشہور فلمی ستاروں کی موجودگی میں یہ شادی سر انجام پائی ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق فلمی دنیا کے سب سے مشہور کنوارے 53 سالہ جارج کلونی کی اہلیہ امل علم الدین کی عمر 36 سال ہے اور ان کی یہ شادی اٹلی کے تاریخی شہر وینس کے مشہور گرینڈ کینال پر واقع پرتعیش عمان ہوٹل میں ہوئی۔

جارج کلونی کے ایجنٹ نے صحافیوں کو اس شادی کی اطلاع ایک مختصر بیان کی صورت میں کی اور اے پی کے مطابق یہی اس شادی کے حوالے سے خبر ہو گی۔ کلونی کے مہمانوں میں سنڈی کرافورڈ ، بِل مرے ، میٹ ڈیمن اور یو ٹو بینڈ کے گلوکار بونو بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جارج کلونی جس کشتی میں جا رہے تھے اسے کچھ دیر کے لیے ایک بحری جہاز اور ایک پانی پر چلنے والی بس کے لیے رکنا پڑا جس کے نتیجے میں درجنوں کشتیوں پر ان کا پیچھا کرنے والے کئی پاپا رازیوں کو ان کی تصاویر لینے کا موقع مل گیا۔

اس دوران پولیس کی صحافیوں اور اِن فوٹو گرافروں کو ہٹانے کی کوششیں بے سود رہیں۔ یاد رہے کہ جارج کلونی نے اس سے قبل تالیا بالسم کے ساتھ شادی کی تھی جن سے ان کی طلاق 1993 میں ہوئی۔ جارج کلونی دنیا کے سب سے زیادے پہچانے جانے والے اداکار ہیں اور اب تک دو بار اکیڈمی ایوارڈز یعنی آسکر حاصل کر چکے ہیں جن میں سے ایک 2006 میں فلم سیریانہ میں بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ جبکہ دوسرا 2013 کی فلم آرگو کے لیے بہترین فلم بطور پروڈیوسر کا ایوارڈ شامل ہیں۔

کلونی کی اہلیہ امل علم الدین لبنان میں پیدا ہوئی اور انہوں نے بطور وکیل وکی لیکس کے بانی جولین اسانج اور یوکرائن کی سابق وزیراعظم یولیا ٹومشینکو کی وکالت کی ہوئی ہے۔ ان کی ملاقات کلونی سے اپنے کام کے حوالے سے ہوئی اور ان کے لبنان میں آبائی گاوں میں لوگوں نے ان کی شادی کی خبر پر خوشی کا اظہار کیا۔

وقت اشاعت : 28/09/2014 - 13:20:17