شادی سے قبل جاوید شیخ کے ساتھ اہلیہ کیلئے رشتے دیکھتا رہا، بہروز سبزواری

نوجوان عوام کے سامنے جعلی پیار کرتے ہیں مگر گھر میں حد سے زیادہ لڑائی کرتے ہیں اور وہ ایسا نہیں کرتے

جمعہ 1 اپریل 2022 12:26

شادی سے قبل جاوید شیخ کے ساتھ اہلیہ کیلئے رشتے دیکھتا رہا، بہروز سبزواری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2022ء) سینیئر اداکار بہروز سبزواری نے انکشاف کیا ہے کہ اہلیہ سفینا سے رشتہ ازدواج میں بندھنے سے قبل وہ ان کی شادی کے لیے لڑکوں کے رشتے دیکھتے رہے تھے۔بہروز سبزواری اور سفینا سبزواری نے حال ہی میں حنا الطاف اور آغا علی کے شو میں شرکت کی، جہاں دونوں نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق کھل کر باتیں کیں۔

دوران پروگرام دونوں نے شوبز انڈسٹری اور فیشن پر بھی بات کی اور بتایا کہ کس طرح ان کے خاندانی تعلقات رہے تھے۔ایک سوال کے جواب میں بہروز سبزواری نے کہا کہ وہ اب سمجھدار ہو چکے ہیں اور عوام کے سامنے لڑتے جھگڑتے نہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کل کے جوڑے عوام کے سامنے جتنا دکھاوے کا پیار کرتے ہیں، اتنا ہی ایک دوسرے سے لڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

بہروز سبزواری کے مطابق نوجوان عوام کے سامنے جعلی پیار کرتے ہیں مگر گھر میں حد سے زیادہ لڑائی کرتے ہیں اور وہ ایسا نہیں کرتے۔

سینیئر اداکار نے اپنی ازدواجی زندگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شادی سے قبل سفینا سے منگنی کی تھی اور وہ ان کے بھائیوں کے قریبی دوست تھے۔بہروز سبزواری نے اعتراف کیا کہ انہوں نے جاوید شیخ سے بہت کچھ سیکھا اور وہ ان کے اتنے قریبی دوست تھے کہ انہوں نے سفینا کو کبھی اس نظر سے دیکھا ہی نہیں تھا۔پروگرام کے دوران سفینا سبزواری نے بتایا کہ شادی سے قبل بہروز کے ان کے بھائیوں جاوید اور سلیم شیخ سے اچھے دوستانہ تعلقات تھے جب کہ والد کے ساتھ بھی ان کی اچھی دعا سلام تھی۔

بہروز سبزواری نے بتایا کہ سفینا سے شادی کرنے سے قبل وہ جاوید شیخ کے ہمراہ اہلیہ کے لیے رشتے لے کر آنے والے لڑکوں کو دیکھتے تھے اور انہوں نے کئی رشتے مسترد کیے۔انہوں نے ہسنتے ہوئے کہا کہ بہت سارے رشتے مسترد کرنے کے بعد پھر انہوں نے سفینا سے شادی کی اور وہ ہمیشہ اپنی شادی کو محبت اور خاندان کی مرضی کی شادی قرار دیتے ہیں۔
وقت اشاعت : 01/04/2022 - 12:26:18

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :