کاش تم سمجھ سکتیں کہ پورا پاکستان کس اذیت سے گزرا دعا زہرہ کے ملنے پر فنکار خوش

والدین سے میری گزارش ہے کہ گھر میں بیٹیوں کے لیے ایسے حالات پیدا نہ کریں کہ انہیں اپنا گھر دوزخ لگنے لگے، جویریہ سعود

بدھ 27 اپریل 2022 15:30

کاش تم سمجھ سکتیں کہ پورا پاکستان کس اذیت سے گزرا دعا زہرہ کے ملنے پر فنکار خوش
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2022ء) کراچی سے لاپتہ ہونے والی دعا زہرہ کے ملنے پر پورے پاکستان سمیت شوبز فنکاروں نے بھی شکر اداکرتے ہوئے اپنا ردعمل دیا ہے۔16 اپریل کو کراچی کے علاقے الفلاح گولڈن ٹائون سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی 14 سالہ دعا زہرہ اب منظر عام پر آگئی ہے۔ تاہم دعا زہرہ جتنے دن لاپتہ رہی پورے پاکستان سمیت مشہور شخصیات بھی دعا کی سلامتی کے لئے دعائیں کرتی رہیں۔

اب چونکہ دعا زہرہ منظر عام پر آگئی ہے اور اس نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ اسے کسی نے اغوا نہیں کیا تھا بلکہ اس نے اپنی مرضی سے لاہور کے رہائشی ظہیر احمد نامی لڑکے سے شادی کی ہے اس کے علاوہ اس کی عمر 14 سال نہیں بلکہ 18 سال ہے۔دعا زہرہ کے ملنے پر فنکاروں نے بھی شکر کا سانس لیا۔

(جاری ہے)

اداکارہ نور بخاری نے انسٹااسٹوری پر دعا زہرہ کی بازیابی اور اس کے صحیح سلامت ہونے پر خدا کا شکر اداکرتے ہوئے لکھا بیٹا کاش آپ سمجھ سکتیں کہ آپ کے والدین اور پورا پاکستان کس اذیت سے گزرا۔

ہم نے آپ کے لیے بہت دعائیں کیں۔ نور بخاری نے والدین کو مشورہ دیا کہ مہربانی کرکے اپنے بچوں کی سنیں اور بچوں کو نصیحت کی کہ بھاگ کر شادی کرنے میں کوئی عزت نہیں۔اس کے علاوہ نور بخاری نے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں انہوں نے تمام لوگوں سے درخواست کی کہ دعا زہرہ اور اس کے والدین کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔اداکارہ متھیرا نے دعا زہرہ کے انتہائی قدم اٹھانے پر سخت لہجہ اپناتے ہوئے کہا میں نے پہلے ہی کہا تھا یہ لڑکیاں ڈراما ہیں انہیں شرم آنی چاہئیے توبہ ہے۔

انہوں نے لڑکیوں کو سمجھداری کا مظاہرہ کرنے کا بھی مشورہ دیا۔اداکارہ سجل علی نے ایک انتہائی اہم نقطے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا انہیں لگتا ہے کہ بچوں کے ساتھ ہمیں والدین کو بھی سکھانا چاہئیے کہ انہیں بچوں کے ساتھ کس طرح پیش آنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو ہفتے میں کلاسز لینی چاہئیں کہ بچوں سے کیسے نمٹا جائے۔(کم سے کم ہفتے میں ایک گھنٹہ)۔

اداکارہ یمنی زیدی نے سندھ اور پنجاب حکومت سے دعا زہرہ کے والدین کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے لکھا کہ یہ لڑکی(دعا زہرہ)بڑی مشکل میں لگ رہی ہے۔پاکستان کی معروف اداکارہ و میزبان جویریہ سعود نے کراچی سے لاپتہ ہونے والی لڑکی دعا زہرہ کے لاہور سے ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے والدین کو مفید مشورہ دیا ہے۔جویریہ سعود نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر دعا زہرہ کی حالیہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ الحمداللہ! دعا خیریت سے ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ والدین سے میری گزارش ہے کہ گھر میں بیٹیوں کے لیے ایسے حالات پیدا نہ کریں کہ انہیں اپنا گھر دوزخ لگنے لگے اور وہ جنت کی تلاش میں مجبورا گھر سے باہر قدم نکال دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی سب بیٹیوں کے نصیب اچھے کریں۔
وقت اشاعت : 27/04/2022 - 15:30:33

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :